اسلام آباد(بی بی سی)پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل اور آرمی چیف عاصم منیر نے ایران کا مختصر مگر انتہائی اہم اور نتیجہ خیز سرکاری دورہ مکمل کر لیا ہے۔
اس سے قبل ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کی جانب سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک روزہ دورۂ تہران مکمل کرنے کے بعد ایران سے روانہ ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر پاکستان کے وزیرِ داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ تہران سے روانہ ہوئے، جو گزشتہ ہفتے سے ایران میں موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ’یہ دورہ 8 اپریل 2026 کی جنگ بندی کے بعد خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی ثالثی کوششوں کا حصہ تھا، جس کا مقصد تناؤ میں کمی اور تعمیری سفارتی پیش رفت کو آگے بڑھانا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ایران کے دورے کے دوارن ملاقاتوں اور مذاکرات میں خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری مشاورتی عمل کو تیز کرنے اور ایک جامع معاہدے تک پہنچنے کے لیے عملی اقدامات پر بات چیت ہوئی۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’فیلڈ مارشل کی ایران میں اہم شخصیات سے تمام ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی سفارتی سرگرمیوں کے نتیجے میں حوصلہ افزا پیش رفت سامنے آئی ہے۔‘
بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’ایرانی قیادت نے خطے میں امن کے فروغ اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا۔‘
اپنے دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے ایرانی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر قالیباف، ایران کے صدر مسعود پزشکیان، وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی شامل تھے۔
واضح رہے کہ یہ گزشتہ چند ہفتوں میں عاصم منیر کا ایران کا دوسرا دورہ تھا۔ واضح رہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے اور حالیہ سفارتی سرگرمیوں کو اسی سلسلے کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].