تیزاب گردی واقعے میں زخمی امدادی کارکن رزاق خان کی عیادت، حکومت بلوچستان مکمل تعاون جاری رکھے گی، ڈاکٹر ہادی کاکڑ

تیزاب گردی واقعے میں زخمی امدادی کارکن رزاق خان کی عیادت، حکومت بلوچستان مکمل تعاون جاری رکھے گی، ڈاکٹر ہادی کاکڑ
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر ہادی کاکڑ نے کہا ہے کہ تیزاب گردی کے افسوسناک واقعے میں زخمی ہونے والے امدادی کارکن رزاق خان کی خیریت دریافت کرنے کے لیے ان کی رہائش گاہ کا دورہ کیا گیا اور اہل خانہ سے ملاقات کی گئی۔اس موقع پر اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رزاق خان نے لیڈی ڈاکٹر ماہور پر تیزاب حملے کے دوران امدادی خدمات انجام دیتے ہوئے جرات اور انسان دوستی کی اعلی مثال قائم کی۔ ڈاکٹر ماہور بلوچستان کی خواتین کا روشن اور قابلِ فخر چہرہ ہیں، اور دعا ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر دوبارہ عوام کی خدمت کے لیے اپنے فرائض انجام دیں۔ڈاکٹر ہادی کاکڑ نے اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی جانب سے زخمی شہری اور ان کے اہل خانہ کے لیے مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان رزاق خان کی مکمل صحت یابی تک تمام ضروری طبی سہولیات اور معاونت فراہم کرتی رہے گی۔انہوں نے بتایا کہ زخمی شہری کی طبی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اہل خانہ کو ایمبولینس ڈرائیور کے رابطہ نمبر فراہم کیے گئے ہیں، جبکہ گھر اور ہسپتال کے درمیان آمدورفت کے لیے چوبیس گھنٹے ایمبولینس سروس کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اہل خانہ کی فوری ضرورت کے پیش نظر ایک ہسپتال بیڈ اور وہیل چیئر بھی فراہم کی گئی ہے۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال نے کہا کہ وزیراعلی بلوچستان اور وزیر صحت کی قیادت میں حکومت متاثرہ افراد کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور ہر ممکن امداد و تعاون کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.