یوکرین کے دارالحکومت کیئو میں روسی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی، 90 افراد زخمی

یوکرین کے دارالحکومت کیئو میں روسی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 20 ہو گئی، 90 افراد زخمی
روس(بی بی سی)روسی افواج نے بدھ اور جمعرات کی شب یوکرین کے دارالحکومت کیئو پر ڈرونز اور میزائلوں کا شدید حملہ کیا جس میں کم از کم 20 افراد ہلاک اور تقریباً 90 زخمی ہو گئے جبکہ ایک ایمبولینس سٹیشن بھی اس حملہ کا نشانہ بنا ہے۔ شہر کے میئر نے اسے کیئو پر کیا جانے والا ’سب سے شدید حملہ‘ قرار دیتے ہوئے جمعے کو یومِ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس سے قبل ہونے والے بعض حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد زیادہ رہی ہے تاہم اس تازہ حملے میں دارالحکومت کے خلاف سب سے زیادہ تعداد میں ہتھیار استعمال کیے گئے اور شہر کے وسیع علاقے میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ حملے یوکرینی صدر زیلینسکی کی جانب سے روسی حملے کی تیاری سے متعلق انتباہ کے چند گھنٹوں بعد ہوئے۔ دوسری جانب روسی وزارتِ دفاع نے کہا کہ اس نے وسطی اور مشرقی یوکرین میں فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔ روس کا کہنا ہے کہ اس نے روسی شہری بنیادی ڈھانچے کے خلاف کیئو حکومت کے ’دہشت گرد حملوں‘ کے جواب میں یوکرین کے دفاعی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے کیے۔ کیئو کی فوجی انتظامیہ کے سربراہ تیمور تکاچینکو نے کہا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل ہے۔ انھوں نے جمعرات کی صبح کہا کہ دشمن ایک بار پھر جان بوجھ کر رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور شہریوں کو قتل کر رہا ہے۔ کیئو کے میٹرو حکام کے مطابق رات کے دوران بچوں سمیت 52 ہزارسے زائد افراد نے زیرِ زمین سٹیشنوں میں پناہ لیے رہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں یہ سب سے زیادہ تعداد تھی۔ حملوں میں جنوب مشرقی کیئو میں واقع ایک بلند رہائشی عمارت بھی متاثر ہوئی جس کا ایک حصہ دھماکے سے تباہ ہو گیا۔ حملے کے نتیجے میں ایک کنڈرگارٹن کے قریب ایک بڑا گڑھا بن گیا جبکہ اردگرد کی عمارتیں آگ سے بری طرح متاثر ہوئیں اور ان کی دھات سے بنی بالکونیاں مڑ گئیں۔ ایک دوسرا میزائل چند قدم کے فاصلے پر گرا اور نو منزلہ رہائشی عمارت کے ایک سرے سے ٹکرایا۔ عمارت کا متاثرہ حصہ منہدم ہو کر کنکریٹ کے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔ ایک مقامی رہائشی نے بی بی سی کو بتایا کہ کئی افراد لاپتہ ہیں۔ علاقے میں تباہ شدہ گاڑیاں، ٹوٹے ہوئے شیشے اور سرمئی راکھ کی موٹی تہہ دیکھی جا سکتی ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.