کوئٹہ(دی باغوان)ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفئر بلوچستان سیف اللہ خان کھیتران نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان معاشرے کے تمام محروم، کمزور اور نادار طبقات کی فلاح و بہبود، سماجی تحفظ اور بااختیار بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ موجودہ صوبائی حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ خصوصی افراد، خواتین، یتیم بچوں، بزرگ شہریوں اور دیگر مستحق افراد کو یکساں مواقع اور بہتر سماجی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ وہ معاشرے میں باوقار زندگی گزار سکیں ان خیالات کااظہارانہوں نے سماجی تنظیموں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ڈی جی سوشل ویلفئر نے کہا کہ محکمہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ادارہ جاتی استعداد کار بڑھانے اور عوام کو مثر خدمات فراہم کرنے کے لیے جامع اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں محکمہ کی تمام فلاحی اسکیموں کو شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ حقیقی مستحقین تک حکومتی سہولیات بروقت پہنچ سکیں انہوں نے بتایا کہ محکمہ سوشل ویلفئر بلوچستان نے گزشتہ برسوں کے دوران ہزاروں خصوصی افراد میں وہیل چئرز، الیکٹرک وہیل چئرز، خصوصی موٹر سائیکلیں (ٹرائی سائیکلز) اور دیگر معاون آلات تقسیم کیے ہیں، جبکہ مزید مستحق افراد میں ان سہولیات کی فراہمی کا عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد خصوصی افراد کو بااعتماد، خودمختار اور معاشرے کا فعال رکن بنانا ہے انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال محکمہ کی جانب سے سینکڑوں مستحق، نادار اور ہنر مند افراد میں مختلف روزگار کٹس اور فنی آلات تقسیم کیے گئے، جن میں سلائی مشینیں، واشنگ مشینیں، دستکاری کے آلات، پلمبنگ اور الیکٹریشن ٹول کٹس، موبائل فون ریپئرنگ کٹس اور دیگر پیشہ ورانہ سامان شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد مستحق خاندانوں کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا، غربت میں کمی لانا اور نوجوانوں کو خود کفیل بنانا ہے۔نشے کے عادی افراد کی بحالی سے متعلق انہوں نے بتایا نے کہا کہ محکمہ نے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے موثر کردار ادا کیا ہے۔ بحالی مراکز کے ذریعے متعدد افراد کا علاج، نفسیاتی بحالی، مشاورت اور سماجی بحالی کا عمل کامیابی سے مکمل کیا گیا، جس کے نتیجے میں کوئٹہ شہر کو منشیات کے عادی افراد سے پاک اور ایک محفوظ و صحت مند معاشرہ بنانے میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو مزید مثر بنانے، بحالی مراکز کی استعداد کار میں اضافے اور مزید مستحق افراد تک سہولیات پہنچانے کے لیے اقدامات جاری ہیں سیف اللہ خان کھیتران نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفئر آئندہ بھی حکومت بلوچستان کی پالیسی کے مطابق فلاحی منصوبوں کا دائرہ مزید وسیع کرے گا، تاکہ خصوصی افراد، مستحق خاندانوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کو زیادہ سے زیادہ سہولیات، ہنر، روزگار اور سماجی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت، شفافیت، میرٹ اور بہتر گورننس محکمہ کی اولین ترجیحات ہیں اور اسی وژن کے تحت سوشل ویلفئر ڈیپارٹمنٹ کو ایک مضبوط، فعال اور عوام دوست ادارہ بنایا جا رہا ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].