اسلام آباد۔ (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت پیر کے روز اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد عتیق طاہر، ڈی جی سیف سٹی محمد ہارون جوئیہ، ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق، ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق اور سینئر افسران نے شرکت کی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، انسداد جرائم کے لیے جاری اقدامات، سنگین مقدمات کی تفتیشی پیش رفت، اشتہاری و عادی مجرمان کے خلاف کارروائیوں، انٹیلی جنس بیسڈ پولیسنگ، جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال، سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کے نظام، فوری رسپانس، بین الشعبہ جاتی رابطہ کاری اور شہریوں کو بروقت اور معیاری پولیس خدمات کی فراہمی سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت کا امن برقرار رکھنے کیلئےجرائم کیخلاف کارروائیوں کو تیز کیا جائے۔
جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری مجرمان اور عادی ملزمان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں۔زیر تفتیش مقدمات کو میرٹ پر جلد از جلد یکسو کرتے ہوئے مضبوط شواہد کے ساتھ چالان عدالتوں میں پیش کیے جائیں تاکہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلائی جا سکے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس بیسڈ پولیسنگ اور سیف سٹی کے جدید نظام سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے جرائم کی موثر روک تھام کو یقینی بنایا جائے۔ آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ شفاف تحقیقات، موثر پولیسنگ، احتساب، قانون کی بلاامتیاز عملداری اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].