صوبائی وزیر صحت و رہنما پاکستان پیپلز پارٹی بخت محمد کاکڑ نے پیر کے روز نواں کلی بائی پاس پل کے جاری تعمیراتی منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے پر ہونے والے کام، تعمیراتی معیار، رفتار اور استعمال ہونے والے میٹریل کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر متعلقہ حکام نے صوبائی وزیر کو منصوبے کی پیش رفت، تکنیکی امور اور تکمیل کے مجوزہ شیڈول سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ نواں کلی بائی پاس پل خستہ حالی کے باعث عوام کی آمدورفت کے لیے خطرناک صورت اختیار کر چکا تھا، جس کے پیش نظر اس کی ازسرِنو تعمیر اور بحالی کو حکومت کی ترجیحات میں شامل کیا گیا تاکہ شہریوں کو محفوظ، معیاری اور پائیدار سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔انہوں نے متعلقہ حکام اور ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعمیر میں معیاری میٹریل کا استعمال یقینی بنایا جائے تاکہ پل طویل عرصے تک عوام کے لیے محفوظ اور قابلِ اعتماد رہے۔بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود، محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مثر نگرانی خود کریں گے تاکہ تمام منصوبے شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچ سکیں۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].