وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے، جبکہ بندوق نہیں بلکہ قلم، تعلیم اور شعور ہی قوموں کی ترقی اور خوشحالی کا راستہ ہے۔اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی، تشدد اور انتہا پسندی صرف تباہی اور اندھیروں کی طرف لے جاتی ہے، اس لیے نوجوان ہتھیاروں کے بجائے تعلیم، تحقیق اور شعور کا راستہ اختیار کریں۔میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ پہاڑوں کا رخ کرنے والے نوجوان نہ صرف اپنی زندگیوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ بلوچستان کی ترقی اور مستقبل کو بھی متاثر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں اور وہ تعلیم و ہنر کے ذریعے ملک اور صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔وزیر داخلہ بلوچستان نے خواتین کے شدت پسندی میں شامل ہونے کے رجحان کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات کو امن، تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو بہتر تعلیمی سہولیات، مواقع اور روشن مستقبل کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ نوجوان ترقی کے سفر میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].