خدمتِ انسانیت کا روشن باب: ڈاکٹر شریں خان کو خراجِ تحسین

خدمتِ انسانیت کا روشن باب: ڈاکٹر شریں خان کو خراجِ تحسین
فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کوئٹہ سے ڈاکٹر شریں خان صاحب کی قبل از وقت ریزائنیشن ایک ایسے عظیم انسان، قابل طبیب اور ماہرِ امراضِ سینہ کی عملی زندگی کے ایک خوبصورت باب کا اختتام ہے، جن کی خدمات کو محض الفاظ میں سمیٹنا آسان نہیں۔ ڈاکٹر شریں خان نہ صرف ایک انتہائی قابل، تجربہ کار اور ماہرِ امراضِ سینہ ہیں بلکہ ایک بہترین انسان، خوش اخلاق، خوش مزاج، ہنس مکھ اور شفیق شخصیت کے مالک بھی ہیں۔ مجھے بطور ڈاکٹر ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا اور اس دوران ان کی پیشہ ورانہ قابلیت کے ساتھ ساتھ انسان دوستی، خلوص اور بہترین اخلاق کو قریب سے دیکھنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ خصوصاً کورونا وبا کے مشکل ترین دور میں ڈاکٹر شریں خان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ جب خوف، بے یقینی اور بیماری نے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا، ایسے وقت میں انہوں نے نہایت ہمت، خلوص اور جذبۂ خدمت کے ساتھ مریضوں کی خدمت کی۔ انسانیت کے لیے ان کی یہ بے مثال خدمات ہماری طبی تاریخ کا قابلِ فخر باب ہیں۔ انہی خدمات کے اعتراف میں انہیں نشانِ امتیاز سے نوازا جانا ان کی بے لوث طبی خدمات کا ایک خوبصورت اعتراف ہے۔ ڈاکٹر شریں خان کی سب سے بڑی خوبی صرف ان کی ذاتی قابلیت نہیں بلکہ ادارہ سازی اور نئی نسل کی تربیت بھی ہے۔ انہوں نے فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کو ایک ایسے مرحلے سے نکال کر ایک خوبصورت اور فعال طبی ادارے کی شکل دینے میں اہم کردار ادا کیا، جہاں وسائل اور سہولیات محدود تھیں۔ انہوں نے اس ادارے کو اپنی محنت، وژن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے ایک قابلِ ذکر انسٹیٹیوٹ بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی زیرِ نگرانی 30 سے زائد FCPS طلبہ نے تربیت حاصل کی اور آج وہ ماشاءاللہ مختلف سطحوں پر کنسلٹنٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اسی طرح 20 سے زائد DTC اور MCPS طلبہ کی تربیت میں بھی ان کا اہم کردار رہا، جو آج بلوچستان کے مختلف اضلاع میں اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ یوں ڈاکٹر شریں خان نے صرف مریضوں کا علاج نہیں کیا بلکہ ایسے ماہر ڈاکٹر بھی تیار کیے جو آج صوبے کے مختلف علاقوں میں لوگوں کو طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ یہی کسی استاد اور معالج کی اصل کامیابی ہوتی ہے کہ اس کی صلاحیتیں اس کی ذات تک محدود نہ رہیں بلکہ اس کے شاگردوں کے ذریعے معاشرے میں منتقل ہوتی رہیں۔ ڈاکٹر شریں خان نے یہی کردار ادا کیا۔ ان کی قبل از وقت ریزائنیشن پر ہم جیسے شاگردوں اور ساتھیوں کے لیے جذبات کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے۔ یقیناً ان کی رخصتی ہمارے لیے ایک بڑا خلا ہے، لیکن ساتھ ہی یہ اطمینان بھی ہے کہ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں ایسی میراث چھوڑی ہے جو آنے والے برسوں تک زندہ رہے گی۔ ڈاکٹر شریں خان جیسے لوگ کسی ایک ادارے سے رخصت ہوتے ہیں، مگر لوگوں کے دلوں، شاگردوں کی یادوں اور مریضوں کی دعاؤں سے کبھی رخصت نہیں ہوتے۔ فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کے لیے ان کی خدمات، مریضوں کے لیے ان کی شفقت اور ساتھیوں کے ساتھ ان کا محبت بھرا رویہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سر! آپ کی قبل از وقت ریزائنیشن نے ہمیں یقیناً اداس اور فرسودہ کیا ہے، لیکن آپ کی خدمات ہمیں فخر کا احساس بھی دلاتی ہیں۔ آپ نے جس ادارے کو اپنی محنت سے سنوارا، جن ڈاکٹرز کی تربیت کی اور جن مریضوں کی خدمت کی، وہ سب آپ کی پیشہ ورانہ زندگی کی روشن یادگاریں ہیں۔ ہم آپ کی بے مثال خدمات کو سلام پیش کرتے ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صحت، خوشی، سکون، عزت اور کامیابی کے ساتھ ایک طویل اور خوبصورت زندگی عطا فرمائے۔ آپ کی خدمات ہمارا فخر ہیں، آپ کی شفقت ہماری یادوں کا حصہ ہے اور آپ کی شخصیت ہمیشہ ہمارے لیے قابلِ احترام رہے گی۔ 🌹 خدمتِ انسانیت کو سلام — ڈاکٹر شریں خان صاحب کو سلام 🌹

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.