ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا متبادل کوئی نہیں

ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا متبادل کوئی نہیں
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ محض ایک سیاسی شخصیت کا نام نہیں، بلکہ بلوچستان کی سنجیدہ، اصولی، جمہوری اور ترقی پسند سیاست کی ایک مضبوط علامت ہیں۔ ان کی سیاست میں بردباری، فکری پختگی، سیاسی بصیرت اور عوامی خدمت کا ایسا امتزاج نظر آتا ہے جو انہیں اپنے ہم عصر رہنماؤں سے ممتاز کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی سیاست میں ایک باوقار اور معتبر مقام حاصل کیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی شخصیت کسی عہدے، منصب یا وقتی سیاسی مقبولیت کی محتاج نہیں۔ ان کی اصل پہچان ان کا طویل سیاسی سفر، جمہوری جدوجہد، قومی حقوق کے لیے آواز، ترقی پسند سوچ اور عوام سے ان کی وابستگی ہے۔ وہ ان رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے سیاست کو ذاتی مفاد کے بجائے ایک نظریاتی اور قومی ذمہ داری کے طور پر دیکھا۔ بلوچستان کی تاریخ میں میر غوث بخش بزنجو جیسے مدبر سیاست دان، شہید ڈاکٹر یاسین بلوچ، شہید ایوب بلیدی اور شہید مولابخش دشتی جیسے سیاسی کارکن اور رہنما اپنے اپنے عہد کی منفرد آواز تھے۔ ان شخصیات کا کوئی متبادل نہیں ہوسکتا، کیونکہ تاریخ کسی شخصیت کو صرف اس کے عہدے سے نہیں بلکہ اس کی جدوجہد، کردار، قربانی اور نظریے سے یاد رکھتی ہے۔ اسی طرح ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ بھی اپنی ذات اور سیاسی کردار کے اعتبار سے ایک منفرد مقام رکھتے ہیں۔ کسی بھی بڑے رہنما کا متبادل تلاش کرنا دراصل اس کے سیاسی کردار اور تاریخی خدمات کو ایک عام پیمانے سے ناپنے کے مترادف ہے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی جگہ کوئی دوسرا شخص نہیں لے سکتا، کیونکہ ہر انسان اپنی فکری تربیت، تجربے، جدوجہد اور کردار کے حوالے سے منفرد ہوتا ہے۔ سیاسی جماعتیں آگے بڑھتی رہتی ہیں، نسلیں تبدیل ہوتی رہتی ہیں، مگر بعض شخصیات اپنی جدوجہد کے باعث تاریخ کا مستقل حصہ بن جاتی ہیں۔ آج بھی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی ضرورت صرف ایک جماعت یا ایک خطے تک محدود نہیں۔ بلوچستان کو ایسی سیاست کی ضرورت ہے جس میں برداشت ہو، مکالمہ ہو، جمہوریت ہو، عوامی خدمت ہو اور قومی حقوق کے لیے پرامن جدوجہد کا عزم ہو۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اسی سیاسی روایت کے ایک اہم وارث ہیں۔ ہم دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو صحت، سلامتی، عزت اور طویل عمر عطا فرمائے، تاکہ وہ اپنی فکری اور سیاسی بصیرت کے ذریعے جمہوری و ترقی پسند سیاست میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا متبادل کوئی نہیں، کیونکہ تاریخ میں بعض شخصیات متبادل سے نہیں، اپنے کردار سے پہچانی جاتی ھیں۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.