کوئٹہ(پ ر)پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کی تنظیم سازی کا ٹاسک رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ کو سونپ دیا گیا اس سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیرِ صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کا اہم اجلاس بدھ کو کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ، صوبائی وزراء اور ارکانِ اسمبلی نے شرکت کی۔اجلاس میں مسلم لیگ (ن) بلوچستان کی سیاسی و تنظیمی سرگرمیوں، پارٹی کی کارکردگی اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے صوبے میں پارٹی کی سرگرمیوں اور تنظیمی امور سے متعلق قیادت کو بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمال شاہ کاکڑ کو ہدایت کی کہ بلوچستان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی کا عمل تین ماہ کے اندر مکمل کیا جائے اور تنظیم سازی مکمل ہونے کے بعد تفصیلی رپورٹ پارٹی قیادت کو پیش کی جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام ڈویژنز، اضلاع اور تحصیل کی سطح پر پارٹی کی تنظیمیں تشکیل دے کر تنظیمی ڈھانچے کو فعال اور مضبوط بنایا جائے۔اجلاس کے دوران پارٹی عہدیداروں اور ارکان کی جانب سے تنظیم سازی اور پارٹی کی فعالیت سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کی گئیں، جن پر غور کیا گیا۔اس موقع پر جمال شاہ کاکڑ نے پارٹی قیادت کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داری کو ہر صورت پورا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) کو نچلی سطح تک منظم اور فعال بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم سازی مقررہ مدت کے اندر مکمل کرکے قیادت کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].