ژوب (نامہ نگار) پاتھ فائنڈر پبلک ہائی اسکول میں کتب بینی کی روایت کو زندہ رکھنے، مطالعے کے شوق اور طلباء کے ذہنی و فکری دائرے کو وسیع کرنے کیلئے جدید اور سہولیات سے آراستہ لائبریری کا افتتاح کردیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں تعلیم کے شعبے سے وابستہ شخصیات، اساتذہ، سیاسی و سماجی رہنماؤوں اور دیگر معززین نے شرکت کی۔ تقریب میں محکمہ تعلیم کے سابق ڈی ڈی او سینئر استاد پائیو محمد مندوخیل، سینئراستاد عبداللہ خان ناصر، سیاسی و سماجی رہنماء علی شیرانی، سابق ڈپٹی ڈائریکٹر لائیواسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نصیب اللہ کاکڑ، پروفیسر میر آدم بابر، حاجی روز محمد، حاجی صاحب جان مندوخیل، حاجی شیر خان، الما اسکول کے پرنسپل محمد حسن تونیوال، فیض اللہ شاہ حریفال اور سلیم مندوخیل نے شرکت کی۔ اسکول کے پرنسپل حضرت ولی اور دیگر اسٹاف نے مہمانوں کا آمد پر پرتپاک استقبال کیا۔ پائیومحمد مندوخیل اور دیگر مہمانوں نے فیتہ کاٹ کر لائبریری کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے لائبریری کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی، شعور اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ تعلیم کا مقصد محض امتحانات میں کامیابی یا ڈگری کا حصول نہیں بلکہ ایسے باشعور افراد تیار کرنا ہے جو اپنے اردگرد کے مسائل کو سمجھنے، سوال اٹھانے، بہتر فیصلے کرنے اور معاشرے کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔
مقررین نے کہا کہ اس تعلیمی سفر میں کتاب اور لائبریری کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ایک اچھی لائبریری طلباء کو نصابی کتب کے معالعے سے بڑھ کر ادب، تاریخ، سائنس، جغرافیہ، ثقافت اور دنیا کے مختلف معاشروں کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ اس طرح کتابوں کے مطالعے سے بچوں کے ذہنی و فکری دائرے کو وسیع کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں تجسس، تخلیقی سوچ اور تحقیق کی عادت بھ پروان چڑھتی ہے۔
مقررین نے مزید کہا کہ مطالعے کی عادت طالبعلم کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ باقاعدہ مطالعے سے زبان اور اظہار میں نکھار پیدا ہوتا ہے، الفاظ کے ذخیرے میں اضافہ ہوتا ہے اور مختلف موضوعات کو سمجھنے اور ان کا تجزیہ کرنے کی صلاحیت اجاگر ہوتی ہے۔ کتاب انسان کو دوسروں کے تجربات، خیالات اور زندگی کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کراتی ہے۔
مقررین نے کتب بینی کی روایت کو زندہ رکھنے اور تعلیمی نظام کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ ماحول میں اسکول کی سطح پر کتاب سے رشتہ مضبوط کرنا اور طلباء کو باقاعدہ مطالعے کی طرف راغب کرنا پہلے سے کہیں زیادہ اہم بلکہ ناگزیر ہوچکا ہے۔ لائبریری اس مقصد کے لیے ایک پرسکون اور سازگار ماحول فراہم کرسکتی ہے، جہاں طلبہ توجہ کے ساتھ پڑھنے، سوچنے اور اپنی معلومات میں اضافہ کرنے کا موقع حاصل کریں۔
پاتھ فائنڈر پبلک ہائی اسکول میں لائبریری کا قیام اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ یہ طلبہ کو کلاس روم کی تعلیم کے ساتھ خود سے سیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ تاہم لائبریری کو ایک فعال علمی مرکز بنانے کے لیے کتابوں میں وقتاً فوقتاً اضافہ، مطالعہ کے باقاعدہ اوقات اور طلباء کے لیے دیگر مثبت سرگرمیوں کا انعقاد بھی ضروری ہوگا۔
تقریب کے اختتام پر پرنسپل حضرت ولی اور اسکول انتظامیہ نے تمام معزز مہمانوں کی شرکت اور تعلیمی ترقی کے لیے ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نئی لائبریری کو طلباء کی علمی اور فکری نشوونما کے لیے بھرپور انداز میں بروئے کار لایا جائے گا۔
پاتھ فائنڈر پبلک ہائی اسکول کی یہ کاوش اس وسیع تر ضرورت کی بھی یاد دہانی ہے کہ تعلیمی اداروں میں کتاب، مطالعے اور تحقیق کے لیے سازگار ماحول پیدا کیے بغیر تعلیم کو محض نصابی سرگرمیوں تک محدود نہیں کیا جاسکتا۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].