بھاگ میں دہشتگردوں کا مربوط حملہ ناکام، پولیس کی جوانمردانہ مزاحمت نے دہشتگردوں کو پسپا کردیا، معان وزیراعلیٰ بلوچستان

بھاگ میں دہشتگردوں کا مربوط حملہ ناکام، پولیس کی جوانمردانہ مزاحمت نے دہشتگردوں کو پسپا کردیا، معان وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(خ ن)معاونِ وزیر اعلی بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ بھاگ شہر میں دہشتگردوں کا مربوط حملہ پولیس کی جوانمردانہ مزاحمت کے باعث ناکام بنا دیا گیا، جبکہ پولیس کی مثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں دہشتگرد پسپا ہونے پر مجبور ہوگئے۔وزیراعلیٰ ہائوس سے ایک بیان میں شاہد رند نے بتایا کہ تقریبا 40 دہشتگردوں نے بھاری ہتھیاروں، راکٹ لانچرز، مشین گنز، اسنائپرز اور دستی بموں سے پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک اور اسسٹنٹ کمشنر آفس پر حملہ کیا۔ تاہم بھاگ پولیس نے تقریبا دو گھنٹے تک دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور انہیں پولیس اسٹیشن پر قبضہ کرنے اور اسلحہ چھیننے میں کامیاب نہیں ہونے دیا۔معاونِ وزیر اعلی نے کہا کہ پولیس کی موثر جوابی کارروائی کے باعث دہشتگردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا اور انہیں پسپائی اختیار کرنا پڑی۔ پولیس اسٹیشن کی مضبوط حفاظتی دیوار نے بھی دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔شاہد رند کے مطابق دہشتگرد نیشنل بینک سے کوئی نقدی لوٹنے میں کامیاب نہیں ہوسکے، جبکہ بینک میں دہشتگردوں کی جانب سے نصب کی گئی آئی ای ڈی کو اسپیشل برانچ کے بم ڈسپوزل یونٹ نے ناکارہ بنا دیا۔انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جبکہ فائرنگ کے واقعے میں تین شہری بھی زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔شاہد رند نے کہا کہ حملے کے بعد بھاگ کے عوام نے پولیس کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور پولیس کی بہادری کو سراہا۔ بلوچستان کے عوام دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھاگ پولیس نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ دہشتگردوں کو ریاستی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور امن دشمن عناصر کے عزائم کو ہر سطح پر ناکام بنایا جائے گا۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.