اسلام آباد(جیو نیوز) ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہےکہ پاکستان مکہ معاہدے کا پابند اور سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا کہ سعودی عرب پر حوثیوں کا گھناؤنا حملہ انتہائی تشویش اور قابل مذمت ہے، حملے سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ کی صورتحال کا انتہائی سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے اور حوثی حملوں کے تناظر میں خطے میں ابھرتی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، مکہ دفاعی معاہدے پر تینوں ممالک نے پریس ریلیزجاری کیں، مکہ معاہدہ دفاعی نوعیت کا ہے۔
سجاد حیدر خان کاکہنا تھا کہ پاکستان خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور اس کے اثرات پر شدید تحفظات رکھتا ہے جب کہ باب المندب کی صورتحال بھی باعث تشویش ہے۔
سجاد حیدر کا کہنا تھا کہ بھارتی بحری جہاز نے پاکستانی بحریہ کے جہاز کے انتہائی قریب جارحانہ نقل و حرکت کی جس کے نتیجے میں دونوں بحری جہازوں کے درمیان ٹکر ہوئی، بھارتی کارروائی بین الاقوامی قانون اور 1991 کے دوطرفہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی ہے، پاکستان نے گزشتہ روز بھارتی ناظم الامور کو طلب کیا اور بھارتی بحری جہاز کے پاک بحریہ کے جہاز کو ٹکر مارنے سمیت بھارتی بحریہ کی اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت جنوبی ایشیا کو مزید عدم استحکام سے دوچار کرنے والی غیر ذمہ دارانہ کارروائیوں سے باز رہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].