کوئٹہ(خ ن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دیہی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر خواتین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیہی خواتین بلوچستان کی معیشت، زراعت اور معاشرتی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور ان کی محنت صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانا اور انہیں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت بلوچستان کے عزم کا حصہ ہے۔ حکومت خواتین کی ہنرمندی، کاروباری صلاحیتوں کے فروغ اور معاشی خودمختاری کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ رائز پروگرام، وومن بازارز اور خواتین کی معاشی خودمختاری کے فنڈ کے ذریعے خواتین کے لیے روزگار، کاروبار اور آمدن کے نئے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ خواتین کاروباری شخصیات کے لیے آرٹیفیشل انٹیلیجنس لیب اور کاروباری تربیت کے پروگرام بھی اسی سلسلے کی اہم کڑیاں ہیں، جن کا مقصد خواتین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتوں اور کاروباری مواقع تک رسائی فراہم کرنا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دیہی اور دور دراز علاقوں میں رہنے والی خواتین کو تعلیم، صحت، روزگار اور مالی وسائل تک رسائی فراہم کرنا ضروری ہے۔ زراعت، لائیو اسٹاک، آبی وسائل کے تحفظ اور پائیدار ذرائع معاش کے فروغ کے ذریعے دیہی خواتین کی معاشی استعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے، جس سے نہ صرف ان کی زندگیوں میں بہتری آئے گی بلکہ مقامی معیشت بھی مضبوط ہوگی۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری سے خاندان مستحکم ہوتے ہیں اور معاشرے میں خوشحالی کے نئے راستے کھلتے ہیں۔ دیہی خواتین کو ترقی کے عمل میں مساوی مواقع فراہم کرنا ایک ایسے معاشرے کی تشکیل کے لیے ضروری ہے جہاں ہر خاتون اپنی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھ سکے اور اپنے خاندان و معاشرے کی بہتری میں حصہ ڈال سکے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خواتین کو بااختیار بنانے، ان کی معاشی خودمختاری کو فروغ دینے اور ان کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بااختیار دیہی خواتین ہی خوشحال بلوچستان کی بنیاد ہیں۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].