کوئٹہ(خ ن)وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ صوبے کی جیلوں میں قیدیوں کو طبی سمیت دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ جیلوں کے نظام میں بہتری کے لیے مزید مثر اقدامات کیے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو جیلوں میں اصلاحات کے حوالے سے اپنی زیر صدارت منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہوم حمزہ شفقات، آئی جی جیل خانہ جات عاصم اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں بلوچستان کی جیلوں میں اصلاحات، انتظامی امور اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر جیلوں کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز اور سفارشات پر بھی غور کیا گیا۔وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جیلوں کے انتظامی نظام میں بہتری لانے اور قیدیوں کو ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مزید مثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ جیلوں میں قیدیوں کو طبی سہولیات سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].