بی ٹیوٹا اور بی آر ایس پی کا مشترکہ اقدام،سالانہ 25 ہزار بلوچستانی نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر روزگار فراہم کرنے کا عزم

بی ٹیوٹا اور بی آر ایس پی کا مشترکہ اقدام،سالانہ 25 ہزار بلوچستانی نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر روزگار فراہم کرنے کا عزم
کوئٹہ(خ ن)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر صوبے کے نوجوانوں کو بااختیار، ہنر مند اور خود کفیل بنانے کے لیے ایک اہم اور عملی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اس سلسلے میں بلوچستان ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی)بی ٹیوٹا(اور بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (بی آر ایس پی)کے درمیان پیر کے روزایک اعلیٰ سطحی ملاقات منعقد ہوئی، جس میں منیجنگ ڈائریکٹر بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی عبدالکبیر زرکون اور بی آر ایس پی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید نے ملاقات کی۔اس ملاقات کے دوران دونوں اداروں نے باہمی اشتراک اور مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور ان کے لیے روزگار کے پائیدار مواقع پیدا کرنے پر مکمل اتفاق کیا۔ وزیراعلی بلوچستان کے وژن کے مطابق یہ طے پایا کہ سالانہ بنیادوں پر صوبے کے 25,000 نوجوانوں کو مختلف مارکیٹ کے مطابق جدید فنی اور پیشہ ورانہ ہنر سکھائے جائیں گے تاکہ انہیں باوقار طریقے سے برسرِ روزگار بنایا جا سکے۔ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ نوجوانوں کو صرف مقامی سطح تک محدود رکھنے کے بجائے ملکی اور بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنایا جائے گا تاکہ وہ صوبے اور ملک کی معاشی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ اس مقصد کے لیے بی ٹیوٹا کے فنی و تکنیکی وسائل اور بی آر ایس پی کے وسیع کمیونٹی نیٹ ورک کو یکجا کر کے دور دراز علاقوں کے مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں تک رسائی حاصل کی جائے گی۔ دونوں اداروں کے سربراہان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یہ شراکت داری بلوچستان کی معاشی خوشحالی اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگی۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.