اسلام آباد(جیو نیوز)وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عبدالواسع نے کے پی اور بلوچستان کا موازنہ کیا، کے پی میں دہشتگردی کے خاتمےکیلئےصوبائی حکومت تعاون نہیں کررہی تھی، سہیل آفریدی نے متعدد مرتبہ کہا کہ وہ آپریشن نہیں ہونے دیں گے، بلوچستان حکومت مسلح افواج اور وفاقی حکومت سے مکمل تعاون کررہی ہے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ملک کے تمام لوگوں کو ہم خیال ہونا پڑے گا۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے پارلیمنٹ ہاؤس میں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 14 سال میں تحریک انصاف نے دہشت گردی کو کوئی مسئلہ سمجھا ہی نہیں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف پر پابندی سے متعلق سیاسی حکومت ہوتے ہوئے آئین میں ایسی بے شمار گنجائش ہے، سیاسی حکومت ہوتے ہوئے ہم ایسا کام نہیں کرنا چاہتے، ہم گورنر راج بھی نہیں لگانا چاہتے تھے۔ہم نے ان کی منتیں ترلے کیں صرف اس لیے کہ ہم سے روز جوانوں کے جنازے نہیں اٹھائے جاتے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کو ذاتی تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ وہ ان سے رابطہ رکھتے ہیں، وزیر داخلہ ان سے رابطہ نہ کسی ذاتی مفاد کیلئے کرتے تھے نہ سیاسی ریلیف کیلئے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بڑے ہیں اس لیول کی لیڈر شپ سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی، مولانا کو لیڈنگ روال ادا کرنا ہے اس کے حل کیلئے کندھے سے کندھا ملانا ہے، ہمیں امید ہے مولانا اپنا کردار ادا کریں گے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].