معاشرے میں کسی کی صلاحیت کو پہچاننا، اس کی محنت یا خدمت کا اعتراف کرنا بذات خود ایک بڑی سماجی خدمت ہے: گورنر بلوچستان

معاشرے میں کسی کی صلاحیت کو پہچاننا، اس کی محنت یا خدمت کا اعتراف کرنا بذات خود ایک بڑی سماجی خدمت ہے: گورنر بلوچستان
کوئٹہ(خ ن) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ معاشرے میں کسی کی صلاحیت کو پہچاننا، اس کی محنت یا خدمت کا اعتراف کرنا بذات خود ایک بڑی سماجی خدمت ہے۔ ایوارڈ حاصل کرنے والے ریسرچرز اور ٹیچرز اس اعزاز کو اپنی آخری منزل کی بجائے ایک نئی ذمہ داری سمجھیں۔ اپنی تحقیق، تدریس اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے معاشرے میں تعمیری تبدیلی لانے کی کوشش جاری رکھیں۔ آپ کی کامیابی اس وقت زیادہ بامعنی ہوگی جب آپ کے علم اور تجربے سے سماج کے دوسرے لوگ بھی مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہارِ انہوں نے بلوچستان ویمن پروموٹ ٹیلنٹ کے زیرِ اہتمام بیوٹمز یونیورسٹی کوئٹہ میں تقریبِ تقسیمِ ایوارڈز کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر بیوٹمز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد حفیظ، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر میروائس کاسی، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان عبدالناصر دوتانی، امیر خان مندوخیل اور سید طیب شاہ سمیت بیوٹمز یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبرز، ریسرچرز اور طلباء کی ایک بڑی تعداد موجود تھی ۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ کسی کی خدمت اور قربانی کا اعتراف اور ان حوصلہ افزائی زندگی میں کرنی چاہیے کیونکہ ان چھوٹے چھوٹے اچھے کاموں کی عزت افزائی، تنقیدی یا تخلیقی سوچ کی پذیرائی اور انسان کی پوشیدہ صلاحیتوں کو تسلیم کرنے سے بھی ترقی اور اصلاح کی نئی راہیں متعین ہو سکتی ہیں۔ بلوچستان ویمن پروموٹ ٹیلنٹ نے معاشرے کے ان باصلاحیت مگر باعمل افراد کی خدمات کو عوامی سطح پر اجاگر کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کا ایک لائق تحسین قدم اٹھایا ہے جو خدمت خلق کے جذبے سے سرشار ہوکر اپنے حصے کا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے کہا ہمیں اپنے گھروں، تعلیمی اداروں، دفاتر اور معاشرتی زندگی میں بھی حوصلہ افزائی کے رحجان کو فروغ دینا ہوگا۔ اگر آپ کا اپنا کوئی بچہ اچھی کارکردگی دکھاتا ہے، کوئی دانشور اپنی ذمہ داری سے بڑھ کر تنقیدی شعور دیتا ہے، کوئی ریسرچر کسی اجتماعی مسئلے کا نیا حل پیش کرتا ہے یا کوئی نوجوان معاشرے کی بہتری کیلئے کوئی مثبت قدم اٹھاتا ہے تو ہمیں اس کی حوصلہ افزائی کرنی ہوگی۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بظاہر آپ کا ایک جملہ یا ایک مختصر سا اعتراف کسی دوسرے انسان کی زندگی میں غیرمعمولی تبدیلی پیدا کر دیتا ہے۔ آپ کی زبان سے نکلا ہوا ایک لفظ شاباش یا افرین دوسروں کیلئے محض چند الفاظ نہیں ہوتے بلکہ یہ اس کی محنت کا اعتراف اور مستقبل میں مزید بہتر کام کرنے کا حوصلہ ہوتے ہیں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہمارے ایشیاٹیک سوسائٹی میں ایک عمومی روایت یہ رہی ہے کہ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز اور دیگر بڑے اعزازات اکثر لوگوں کو ان کی زندگی کے بالکل آخری حصے میں دیئے جاتے ہیں۔ یقیناً زندگی بھر کی خدمات کا اعتراف ایک قابلِ قدر عمل ہے لیکن میری ذاتی رائے میں ہمیں اس سوچ میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ اگر کسی نوجوان نے اپنی عملی زندگی کے ابتدائی برسوں میں کوئی نمایاں کارنامہ انجام دیا ہے، اگر کسی ریسرچر نے کوئی قابلِ قدر ریسرچ کی ہے یا کسی خاتون نے محدود وسائل کے باوجود اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے تو ہمیں اس کی حوصلہ افزائی کیلئے زندگی کے آخری حصے کا انتظار نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اعزاز صرف ماضی کی خدمات کا اعتراف نہیں ہوتا بلکہ مستقبل کی کامیابیوں کیلئے ایک نئی تحریک بھی پیدا کرنا مقصود ہوتا ہے۔ میں بیوٹمز یونیورسٹی کی انتظامیہ، بلوچستان ویمن پروموٹ ٹیلنٹ کی منتظمین، تمام معزز مہمانوں اور بالخصوص آج ایوارڈ حاصل کرنے والے ریسرچرز اور ٹیچرز کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا حوصلہ افزائی ایک لفظ سے شروع ہوتی ہے، اعتماد پیدا کرتی ہے، صلاحیتوں کو نکھارتی ہے اور بالآخر پورے معاشرے کی ترقی کا ذریعہ بنتی ہے۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان جعفرخان نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین ریسرچرز اور ٹیچرز میں ایوارڈز تقسیم کیے گئے ۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.