پاکستان، قطر، ترکی اور انڈونیشیا میں ’بدر معاہدے‘ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط: معاہدے کا مقصد چاروں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے، ترک وزارت دفاع

پاکستان، قطر، ترکی اور انڈونیشیا میں ’بدر معاہدے‘ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط: معاہدے کا مقصد چاروں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے، ترک وزارت دفاع
دوحہ(بی بی سی/مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان، ترکی، قطر اور انڈونیشیا نے ’بدر معاہدے‘ کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے ہیں۔ ترکی کی وزارت دفاع کے مطابق اس ضمن میں ایک تقریب بدھ کے روز قطری دار الحکومت دوحہ میں منعقد ہوئی۔ پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف، انڈونیشیا کے نائب وزیر دفاع یوسف جوہری، ترکی کے وزیر دفاع یاشار گولر اور قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر مملکت برائے دفاعی امور شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن آل ثانی نے اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ ترکی کے سرکاری خبر رساں ادارے ’ٹی آر ٹی‘ کے مطابق معاہدے کا مقصد چاروں ممالک کے درمیان دفاعی پیداوار میں تعاون کو فروغ دینا، چاروں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا، اور تکنیکی و عسکری امور، تربیت، تحقیق اور ترقی کے شعبوں میں باہمی تعاون کی حمایت کرنا ہے۔ ترک خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یہ ’معاہدہ چاروں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر ترک دفاعی صنعت کی پوزیشن کو مستحکم کرنے میں بھی مدد دے گا۔‘ ٹی آر ٹی کے مطابق یہ اقدام جدید دفاعی نظاموں کی ترقی سے ہم آہنگ نئی ٹیکنالوجیز اور صنعتی صلاحیتوں کے فروغ میں معاون ثابت ہو گا۔ ترک خبر رساں ادارے نے رپورٹ کیا ہے کہ مکمل چاند کو ’بدر‘ کہتے ہیں اور معاہدے کا نام بھی اسی مناسبت سے رکھا گیا ہے، ’کیوں کہ اس معاہدے کے تحت چاروں ممالک ایک دوسرے کی صلاحیتوں کی تکمیل کریں گے۔‘ ٹی آر ٹی کے مطابق اس معاہدے کے تحت دفاعی پیداوار میں ہر ملک کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جائے گا، دفاعی صنعت کی استعداد میں اضافہ ہو گا، اور اتحادی و دوست ممالک کی ضروریات بہتر انداز میں پوری کی جا سکیں گی۔ مزید کہا گیا ہے کہ یہ معاہدہ شریک ممالک کے درمیان فوجی تعاون کے دائرہ کار کو وسیع کرنے، دفاعی صنعت کے شعبے میں تعلقات کو فروغ دینے اور کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔ ٹی آر ٹی کے مطابق اس معاہدے سے سلامتی، استحکام اور مشترکہ اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.