بلوچستان حکومت کی صحت کی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے اہم پیش رفت، ’’صحت دہلیز‘‘ ایپ فعال

بلوچستان حکومت کی صحت کی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے اہم پیش رفت، ’’صحت دہلیز‘‘ ایپ فعال
کوئٹہ(خ ن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو گھر بیٹھے مفت طبی مشاورت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے جدید ڈیجیٹل ایپلی کیشن ’’صحت دہلیز‘‘ متعارف کروا دی ہے، جس کے ذریعے شہری 24 گھنٹے، سال کے 365 دن تجربہ کار طبی ماہرین سے مفت مشاورت حاصل کر سکیں گے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحت کی سہولیات کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کی دہلیز تک پہنچانا حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایپ کی فعالیت کے پہلے ہی روز 791 کنسلٹیشن کالز کے ذریعے شہریوں کو تجربہ کار ڈاکٹروں نے مفت طبی مشاورت فراہم کی، جو اس سہولت کی افادیت اور عوامی ضرورت کا واضح اظہار ہے۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے وسیع رقبے، دور افتادہ آبادیوں اور بعض علاقوں میں طبی سہولیات تک رسائی کے مسائل کے پیش نظر جدید ڈیجیٹل ذرائع سے صحت کی خدمات کی فراہمی اہمیت رکھتی ہے۔ صحت دہلیز ایپ کے ذریعے شہریوں کو گھر بیٹھے طبی مشاورت میسر آئے گی، جس سے انہیں ابتدائی رہنمائی کے لیے طویل سفر اور غیر ضروری مشکلات سے بچنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان صحت کے شعبے میں عوام کو سہولت فراہم کرنے اور دور دراز علاقوں میں طبی خدمات کی رسائی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ گرمی میں جھلستے اور سردی میں ٹھٹھرتے عام بلوچستانی کو معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جائے اور جغرافیائی فاصلے کسی شہری کے لیے طبی رہنمائی کے حصول میں رکاوٹ نہ بنیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحت دہلیز جیسی ڈیجیٹل سہولیات عوام اور طبی ماہرین کے درمیان رابطے کو آسان بنانے اور صحت کی خدمات کی فراہمی میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی جانب اہم قدم ہیں۔ حکومت بلوچستان عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے صحت سمیت بنیادی شعبوں میں سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.