پشاور(بی بی سی)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت عسکری قیادت کے ساتھ ملکر خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل حل کرے گی، خیبر پختونخوا میں جو قدم اٹھایا گیا ،قانون و آئین اِس فیصلے کا اختیار دیتا ہے۔
فیڈرل ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت، عسکری قیادت کے ساتھ ملکر خیبر پختونخوا کے عوام کے مسائل حل کرے گی۔
خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق جمعرات کو گورنر ہاؤس پشاور میں نیشنل ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شہباز شریف کو 12 اضلاع میں ایمرجنسی کے نفاذ پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’خیبر یختونخوا دہشتگردی ، بنیادی عوامی سہولیات کی عدم دستیابی سے بہت متاثر ہے، مجبوری میں صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کرنا پڑا۔
وزیراعظم نے صوبہ کی صورتحال کا ذکر کہا کہ ’چند برسوں میں جو حالات پیدا کر دئیے گئے اس کی وجہ سے یہ صوبہ بہت متاثر ہے۔ چھ برسوں میں جو حالات پید ا کئے گئے اُس کے بعد امن و امان کو بہت نقصان پہنچا۔‘
انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’پی ٹی آئی دور میں خیبر پختونخوا میں تعلیم ،صحت ، امن سمیت عوامی فلاح کے تمام امور نظر انداز کیے گئے، اس سے بڑی مجرمانہ غفلت اور بے حسی کی مثال اور نہیں ہو سکتی۔ اسی وجہ سے حالیہ چند برسوں میں دہشت گردی میں پھر اضافہ ہوا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کے وزرا کو یقین دلایا تھا کہ انسداد دہشت کے لیے آپ کے ساتھ کھڑے ہیں، گذشتہ ڈھائی سال میں ملکی معیشت کو بحال کرنے کے لیے دن رات محنت کی گئی، سیاسی اور عسکری قیادت کی دن رات کوششوں سے ملکی معیشت مستحکم ہو چکی ہے۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں جو قدم اٹھایا گیا ،قانون و آئین اِس فیصلے کا اختیار دیتا ہے۔
’صوبے میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے‘
اس سے قبل گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے اور خیبر پختونخوا کے عوام امن چاہتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام ادارے اگر ایک صفحے پر ہوں تو امن و ترقی کا عمل نہیں روکا جا سکتا، صوبے سے دہشت گردوں، ان کےسہولت کاروں اور مالی معاونت کاروں کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔
نیشنل ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی وزرا، عسکری قیادت اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].