کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حیات خان اچکزئی نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کے یومِ وفات پر انہیں زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو کی آئین، جمہوریت اور عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیاں تاریخِ پاکستان کا ایک دائم اور ناقابلِ فراموش باب ہیں۔
حیات خان اچکزئی نے اپنے بیان میں کہا کہ مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو جرات، صبر، عزیمت اور استقامت کا بے مثال مجسمہ تھیں۔ انہوں نے آمریت اور فاشزم کے سیاہ ادوار میں جمہوریت کا پرچم بلند رکھا اور قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے فکر و فلسفے کو زندہ رکھنے کے لیے کوڑے، جیلیں اور مظالم پامردی کے ساتھ برداشت کیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مادرِ جمہوریت نے اپنے عظیم شوہر قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو، دخترِ مشرق شہید محترمہ بے نظیر بھٹو، شہید میر شاہنواز بھٹو اور شہید میر مرتضیٰ بھٹو کی شہادتوں کے عظيم صدمات جھیلے، لیکن اس کے باوجود ان کے قدمِ جمہوریت اور عوام کی خدمت کی راہ سے ایک انچ بھی پیچھے نہ ہٹے۔ ان کا کردار اور صبر و استقامت دنیا بھر کی جمہوریت پسند اور جدوجہد کرنے والی خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک ایک جیالا چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی قیادت میں مادرِ جمہوریت، قائدِ عوام اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن اور اس زریں اصول کہ "جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے" پر کاربند رہتے ہوئے آئین کی بالادستی اور عوامی خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔
انہوں نے مادرِ جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کے درجات کی بلندی، ان کی قربانیوں کی قبولیت اور تمام شہدائے جمہوریت کی مغفرت کے لیے خصوصی دعا کی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].