گوادر(پ ر)جامعہ گوادر کے شعبۂ کامرس اور گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے طلبہ کے لیے انٹرن شپ، عملی تربیت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں شعبۂ کامرس کے چیئرپرسن زین العابدین نے گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر میر نوید کلمتی سے ملاقات کی، جس میں جامعہ اور کاروباری برادری کے درمیان روابط مضبوط بنانے، طلبہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو فروغ دینے اور انہیں صنعتی و تجارتی شعبوں سے منسلک کرنے کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ باہمی تعاون کو مؤثر اور ادارہ جاتی بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے جامعہ گوادر اور گوادر چیمبر اف کامرس کے درمیان عنقریب یادداشتِ مفاہمت پر دستخط کیے جائیں گے۔ مجوزہ معاہدے کے تحت طلبہ کو انٹرن شپ اور عملی تربیت کے مواقع فراہم کرنے، علمی و تحقیقی تجربات کے تبادلے اور نصاب کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔ اس موقع پر نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، اسٹارٹ اپس کی حوصلہ افزائی اور نئے کاروباری منصوبوں کے لیے سرمایہ کاری اور فنڈنگ کے مواقع تلاش کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ اس تعاون کا مقصد طلبہ کو عملی زندگی کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا اور جامعہ و کاروباری برادری کے درمیان مؤثر روابط کو فروغ دینا ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].