کوئٹہ(دی باغوان)سیکریٹری تعلیم بلوچستان لعل جان جعفر نے کہا ہے کہ تعلیم، صحت، غذائیت اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ بہتر مستقبل کی تعمیر کے لیے حکومتی اداروں، بین الاقوامی تنظیموں اور تعلیمی اداروں کو باہمی تعاون کے ذریعے مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول جناح ٹاؤن کوئٹہ میں اقوام متحدہ کے دن 2026 کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا مرکزی موضوع بہتر ساتھ، بہتر مستقبل تھا، جس کا مقصد باہمی تعاون، پائیدار ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے فروغ کو اجاگر کرنا تھا۔اقوام متحدہ کی صوبائی پروگرام ٹیم کی جانب سے ون یو این (ONE UN) کے پلیٹ فارم کے تحت منعقدہ اس تقریب میں بلوچستان میں اقوام متحدہ کی سرگرمیوں، پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) اور مختلف شعبوں میں حکومتِ بلوچستان کے ساتھ تعاون کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔اس موقع پر اقوام متحدہ کی صوبائی پروگرام ٹیم کے چیئرمین ذوالفقار درانی نے بلوچستان میں اقوام متحدہ کے جاری اقدامات اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے حکومتی معاونت پر روشنی ڈالی۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کوئٹہ نصیر شاہ اور اسکول کی پرنسپل عابدہ مینگل نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں طلبہ و طالبات نے بچوں کی غذائیت، صحت اور تندرستی کے موضوع پر ایک معلوماتی خاکہ پیش کیا، جبکہ کچن گارڈننگ (گھریلو باغبانی) کی سرگرمی کے ذریعے صحت مند خوراک، متوازن غذا اور غذائیت کی اہمیت اجاگر کی گئی۔تقریب کے دوران اقوام متحدہ کے دن کی مناسبت سے اہم پیغامات بھی شرکاء تک پہنچائے گئے۔ اختتام پر ڈاکٹر فارعہ احسن نے تمام مہمانوں، شرکاء اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کا بنیادی پیغام یہ تھا کہ باہمی تعاون، معیاری تعلیم، صحت مند معاشرے اور پائیدار ترقی کے مشترکہ عزم کے ذریعے ہی ایک بہتر مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].