کوئٹہ(دی باغوان)بلوچستان اسمبلی نے ضلع واشک کے علاقے ماشکیل میں سڑکوں کی تعمیر سے متعلق قرارداد منظور کر لی۔پیر کے روز بلوچستان اسمبلی اجلاس کے دوران رکن صوبائی اسمبلی زابد ریکی نے ماشکیل میں سڑکوں کی تعمیر سے متعلق قرارداد ایوان میں پیش کی۔اس موقع پر رکن اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)بلوچستان میں کام نہیں کر رہی اور ادارے کے پروجیکٹ ڈائریکٹر بھی صوبے میں نہیں آتے۔وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او)کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اس ادارے کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ اچھا نہیں رہا۔انہوں نے کہا کہ ان کے اپنے علاقے میں تعمیر کی گئی سڑک کی حالت خراب ہوئی ہے۔ ایف ڈبلیو او کو منصوبے اس توقع کے ساتھ دیے جاتے ہیں کہ وہ بہتر کام کرے گا، تاہم ایسا نہیں ہوا۔وزیراعلی نے کہا کہ ادارہ منصوبے حاصل کرنے کے بعد انہیں پیٹی ٹھیکیداروں کے حوالے کر دیتا ہے۔میر سرفراز بگٹی نے بلوچ قوم پرستی کا دعوی کرنے والے عناصر کی جانب سے پل گرانے اور سڑکیں تباہ کرنے کی مذمت بھی کی۔بعد ازاں اسمبلی نے ماشکیل میں سڑکوں کی تعمیر سے متعلق قرارداد منظور کر لی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].