معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی اور ایس ایس پی آپریشنز کے مظاہرین سے کامیاب مذاکرات، سبزل روڈ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی

معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی اور ایس ایس پی آپریشنز کے مظاہرین سے کامیاب مذاکرات، سبزل روڈ ٹریفک کے لیے کھول دی گئی
کوئٹہ(دی باغوان) سبزل روڈ پر فائرنگ کے واقعے میں مری قبیلے کے تین افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد احتجاج کرنے والے مظاہرین سے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی اور ایس ایس پی آپریشنز کے کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سبزل روڈ، پودگلی چوک کے قریب فائرنگ کے واقعے میں مری قبیلے سے تعلق رکھنے والے تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر ایک مالی تنازعے کے باعث پیش آیا۔ واقعے کے بعد مقتولین کے لواحقین اور اہلِ علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے سبزل روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا تھا، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی اور ایس ایس پی آپریشنز موقع پر پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کیے۔ مذاکرات کے دوران مظاہرین کے تحفظات سنے گئے اور انہیں معاملے کے حل کے لیے قانونی کارروائی اور متعلقہ حکام سے تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ انتظامیہ اور مظاہرین کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج ختم کرنے اور سڑک کھولنے پر اتفاق ہوگیا، جس کے نتیجے میں سبزل روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا اور شہریوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہوگئی۔ معاون برائے داخلہ بابر یوسفزئی نے اس موقع پر زور دیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ایسے واقعات میں قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے اس امر کی بھی اہمیت اجاگر کی کہ عوامی مسائل کو بات چیت اور پُرامن مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.