اسلام آباد(جیو نیوز)اسلام آباد میں 30 ویں ای سی او وزارتی اجلاس سے خطاب میں ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ای سی او اجلاس کےانعقاد پرپاکستان اور وزارت خارجہ کےشکرگزارہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی علاقائی سالمیت کیخلاف جارحیت کی مذمت،ایرانی عوام سے اظہاریکجہتی کرنے والے ممالک کا شکریہ، ای سی اوکو اجتماعی اقدامات، مضبوط تعاون اورمشترکہ حکمت عملی کا مؤثرپلیٹ فارم بنانا ہوگا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ تجارت،ٹرانسپورٹ،توانائی ای سی اوتعاون کے3 اہم اسٹریٹجک ستون ہونےچاہئیں،ای سی اوتجارتی معاہدےمیں اصلاحات کیلئے تکنیکی مذاکراتی کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کرتےہیں، ای سی او رکن ممالک نئے اورمؤثر تجارتی معاہدے کےلیے مذاکراتی عمل میں شامل ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اقوام متحدہ کے چارٹراوربین الاقوامی قانون کے اصولوں پرکاربند ہے،ع گزشتہ2 سال سے ایران سفارتی روابط، تنازعات کے پر امن حل کےلیے پرعزم رہا ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا نےجارحیت، دھمکیوں، ٹارگٹ کلنگ، معاشی دباؤ، ناکہ بندی کاراستہ اختیارکیا، امریکی اقدامات بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کےچارٹرکی کھلی خلاف ورزی ہیں، خلیج فارس،آبنائےہرمزکی صورتحال امریکا، اسرائیل کی ایران کیخلاف جارحانہ پالیسیوں کانتیجہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خطےکےممالک کی سرزمین، فضائی حدود، تنصیبات ایک دوسرےکے خلاف حملوں کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے، ایران کے دفاعی اقدامات صرف جارحیت کرنے والوں کے اہداف اور فوجی اڈوں کےخلاف ہیں، ایران کےاقدامات کوپڑوسی ممالک کی حکومتوں یاعوام کےخلاف کارروائی نہ سمجھاجائے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطےمیں سلامتی کیلئے عدم جارحیت، علاقائی مکالمے پر مبنی مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے، ایران پرپابندیوں نے ایرانی عوام کے اپنے حقوق کے تحفظ کے عزم کو مضبوط کیا ہے، علاقائی توانائی کے تحفظ کےلیےقابل اعتماد، پائیدار نظام تشکیل دیناوقت کی ضرورت ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کی صورتحال انسانیت کےلیے شرمناک ہے، غزہ گزشتہ 3 سال سےمکمل نسل کشی کاسامنا کررہا ہے، غزہ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کےلیےاسرائیلی ناکہ بندی ختم کرائی جائے، اسرائیلی جیلوں میں تقریباً 10 ہزار فلسطینی قیدیوں کی حالت زارپربھی توجہ دینا ہوگی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].