مئی 2025 کی لڑائی کے بعد انڈیا نے امریکی قیادت کے ذریعے ثالثی کی پیشکش کی تھی: فیلڈ مارشل عاصم منیر

مئی 2025 کی لڑائی کے بعد انڈیا نے امریکی قیادت کے ذریعے ثالثی کی پیشکش کی تھی: فیلڈ مارشل عاصم منیر
اسلام آباد(بی بی سی)پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دعویٰ کیا ہے کہ گذشتہ برس پاکستان اور انڈیا کے درمیان جاری رہنے والی چار روزہ لڑائی کے بعد انڈیا نے جنگ بندی کی درخواست کی تھی۔ وہ اتوار کے روز پاکستان اور انڈیا کے درمیان مئی 2025 میں ہونے والی لڑائی کے ایک سال مکمل ہونے کے حوالے سے راولپنڈی میں جی ایچ کیو میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے دعویٰ کیا کہ مئی 2025 کی لڑائی کے دوران پاکستان نے اپنی فضائیہ اور فتح میزائلوں کی مدد سے دشمن کے 26 سے زیادہ عسکری اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی فوجی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ’انڈیا نے جنگ بندی کی خواہش کا اظہار عالمی اور دیگر بیرونی قوتوں سے کیا۔‘ ’شکست خوردہ انڈیا نے امریکہ کی سیاسی قیادت کے ذریعے ثالثی کی پیشکش کی، جسے پاکستان نے خطے کے وسیع تر امن کی خاطر قبول کیا۔‘ یاد رہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان تقریباً چار روز تک جاری رہنے والی لڑائی کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور انڈیا سیز فائر کے لیے راضی ہو گئے۔ وہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ رکوانے کا سہرا اپنے سر پر باندھتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری عسکری حکمتِ عملی کا محور جارحیت نہیں بلکہ امن کا تحفظ ہے۔ پاکستانی فوج کے سربراہ نے خبردار کیا کہ ’پاکستان کے خلاف آئندہ کسی بھی مہم جوئی کی کوشش کی گئی تو اس بار جنگ کے اثرات محدود نہیں بلکہ انتہائی وسیع، خطرناک، دوررست اور تکلیف دہ ہوں گے۔‘

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.