کوئٹہ( نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے میڈیا و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ زیارت میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے دوران 15 دہشت گرد مارے گئے۔
اپنے بیان میں شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردوں کو بلوچستان کے امن و امان سے کھیلنے کی بھاری قیمت چکانا پڑی ہے اور ریاست پوری قوت کے ساتھ ان عناصر کا مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز، بلوچستان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے ہیں۔
ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق صوبے میں دہشت گردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ موجود نہیں اور ہر حملے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں مزید مؤثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔
شاہد رند نے کہا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کو ہر صورت منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت سے جاری رہے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ زیارت میں شہید ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے خون کا حساب لیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے امن، استحکام اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].