آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی جب تک ’دشمن‘ اپنی کارروائیاں بند نہیں کرتا: پاسداران انقلاب

آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی جب تک ’دشمن‘ اپنی کارروائیاں بند نہیں کرتا: پاسداران انقلاب
تہران(بی بی سی)ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن نے خبر دی ہے کہ امریکہ کی جانب سے ایران پر حملوں کے بعد ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب نے خطے میں امریکی اہداف کے خلاف جوابی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق ایرانی فوج نے کہا ہے کہ اس نے اردن میں واقع الازرق فضائی اڈے کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا۔ دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت کے علاقے مینا عبداللہ میں واقع امریکی فوج کے لاجسٹکس مرکز پر کروز میزائل داغے ہیں۔ ایرانی برآمدات رُکیں تو خطے کی توانائی رسد بھی متاثر ہو سکتی ہے: پاسدارانِ انقلاب پاسدارانِ انقلاب نے خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کی تیل اور گیس کی برآمدات کو روکنے کی کوشش کی گئی یا انھیں مسلسل معطل رکھا گیا تو وہ خطے کے دیگر ممالک کی برآمدات کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ ’اگر ایران اپنی توانائی کی برآمدات انجام نہیں دے سکتا تو دوسرے ممالک بھی محفوظ طریقے سے اپنی برآمدات جاری نہیں رکھ سکیں گے۔‘ پاسدارانِ انقلاب کا یہ سخت بیان امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے اس اعلان کیے بعد سامنے آیا تھا جس میں امریکہ نے جنوبی ایرانی بندرگاہوں کے گرد بحری ناکہ بندی دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ’ایران کے خلاف کسی بھی معاشی یا عسکری دباؤ کا ’متناسب جواب‘ دیں گے‘ پاسدارانِ انقلاب نے مزید کہا کہ وہ ایران کے خلاف کسی بھی معاشی یا عسکری دباؤ کا ’متناسب جواب‘ دیں گے۔ پاسدارانِ انقلاب نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں یہ بھی کہا کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک بند رہے گی جب تک امریکہ اپنی ’دشمنانہ کارروائیاں‘ بند نہیں کرتا۔ دوسری جانب ایران کے ان دعووں کے جواب میں امریکہ، اردن یا کویت کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.