عراق کا ترکی اور شام کی بندرگاہوں تک تیل کی ترسیل کے لیے پائپ لائن بچھانے پر غور

عراق کا ترکی اور شام کی بندرگاہوں تک تیل کی ترسیل کے لیے پائپ لائن بچھانے پر غور
عراق(بی بی سی)عراق کے وزیرِ تیل باسم محمد خضیر کا کہنا ہے کہ عراقی حکومت بصرہ سے کرکوک اور وہاں سے ترکی کی بندرگاہ جیہان اور شام کی بندرگاہ بانیاس تک تیل کی پائپ لائن بچھانے کے منصوبے کا جائزہ لے رہی ہے۔ بی بی سی فارسی کے مطابق سنیچر کے روز واشنگٹن میں عراقی سرکاری خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ تیل کے پاس ’واضح وژن اور حکمتِ عملی‘ موجود ہے، جس کا مقصد عراق کی تیل برآمد کرنے کی راہوں میں تنوع پیدا کرنا اور صرف آبنائے ہرمز پر انحصار نہ کرنا ہے۔ ان کے مطابق عراقی وزارتِ تیل اس وقت ایک سٹریٹیجک پائپ لائن کی تعمیر کا جائزہ لے رہی ہے جو بصرہ سے کرکوک تک جائے گی اور وہاں سے ترکی کی بندرگاہ جیہان تک پہنچے گی۔ عراقی وزیرِ تیل نے کہا کہ اس منصوبے میں پائپ لائن کو شام کے شہر بانیاس تک توسیع دینے کے امکان کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ بانیاس شام کے شمال مغربی ساحلی علاقے میں واقع ایک شہر ہے، جہاں ملک کی اہم آئل ریفائنریوں میں سے ایک موجود ہے اور بحیرۂ روم پر تیل برآمد کرنے کا ایک ٹرمینل بھی قائم ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.