تہران(بی بی سی)ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے کویت اور بحرین میں موجود امریکی افواج کو ’بڑے پیمانے پر میزائلوں اور ڈرونز‘ کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے بیان کے مطابق بحریہ نے ’آپریشن نصر 2 کی 23ویں لہر‘ کے تحت تین مرحلوں میں خطے میں موجود امریکی تنصیبات کو ’بھاری نقصان‘ پہنچایا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پہلے اور دوسرے مرحلے میں بحرین کے السخیر ایئرپورٹ پر موجود امریکی یونٹس کے ڈرونز کی دیکھ بھال اور مرمت کی تنصیبات، جبکہ سلمان پورٹ میں امریکی ٹی ایف-59 یونٹ کی تیاری کی سہولیات کو نشانہ بنایا گیا۔‘
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ’تیسرے مرحلے میں کویت کے عریفجان اڈے پر موجود سپیشل فورسز کے میرینز کی تعیناتی، معاونت اور سازوسامان سے متعلق تنصیبات کو ہدف بنایا گیا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’خطے میں امریکی افواج کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔‘
دوسری جانب بحرین کی وزارتِ داخلہ نے مُلک میں سائرن بجائے جانے کے حوالے سے ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ’شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پُرسکون رہیں اور فوری طور پر قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں۔‘
بیان میں عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکام کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].