سورنج کان حادثہ: مزدور قومی اثاثہ ہیں، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، جمال شاہ کاکڑ

سورنج کان حادثہ: مزدور قومی اثاثہ ہیں، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، جمال شاہ کاکڑ
پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑنے سورنج میں کوئلے کی کان میں پیش آنے والے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق مزدوروں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔اپنے تعزیتی بیان میں جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ سورنج میں کوئلے کی کان میں پیش آنے والا افسوسناک حادثہ انتہائی دلخراش ہے اور قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے جاں بحق مزدوروں کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ کان میں جاری ریسکیو اور امدادی کارروائیاں مثر انداز میں جاری رکھی جائیں، زخمیوں کو بروقت اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور کان میں پھنسے تمام مزدوروں تک جلد از جلد رسائی یقینی بنائی جائے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ کوئلہ کانوں میں کام کرنے والے مزدور ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، اس لیے ان کی جانوں کے تحفظ کے لیے حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد اور مستقل بنیادوں پر موثر حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقہ ملک کی ترقی اور معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، لہذا ان کی جان و مال کا تحفظ حکومت اور متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.