یونیسیف نے 250 کلوواٹ سولرائزڈ میڈیکل سپلائی ویئر ہائوس محکمہ صحت بلوچستان کے حوالے کر دیا

یونیسیف نے 250 کلوواٹ سولرائزڈ میڈیکل سپلائی ویئر ہائوس محکمہ صحت بلوچستان کے حوالے کر دیا
کوئٹہ(دی باغوان)یونیسیف نے ضلع لسبیلہ کے شہر اوتھل میں 250 کلوواٹ صلاحیت کا سولرائزڈ میڈیکل سپلائی ویئر ہائوس محکمہ صحت بلوچستان کے حوالے کر دیا ہے، جس سے صوبے کے مختلف اضلاع میں ادویات اور ویکسین کی بروقت فراہمی یقینی بنانے اور ترسیل کے اخراجات میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔اس سلسلے میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی اور یونیسیف کے چیف فیلڈ آفیسر فٹسم آسفا نے لسبیلہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو)ہسپتال اور جدید سہولیات سے آراستہ سولرائزڈ میڈیکل سپلائی ویئر ہاس کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر لسبیلہ ڈویژن سائرہ عطا، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ حمیرہ بلوچ، ای پی آئی کے صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر آفتاب کاکڑ، یونیسیف کے ڈاکٹر عامر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ اوتھل میں یونیسیف کے تعاون سے جدید سہولیات سے آراستہ ویئر ہاس کا قیام بلوچستان میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اور محکمہ صحت یونیسیف کے تعاون پر شکر گزار ہیں، جبکہ صحت کے شعبے میں ڈونر اداروں، بالخصوص یونیسیف کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں دیگر شہروں سے آنے والی ادویات پہلے کوئٹہ پہنچائی جاتی تھیں، جس کے بعد انہیں صوبے کے مختلف اضلاع میں منتقل کیا جاتا تھا۔ بلوچستان کو سینٹرل، ساتھ اور نارتھ زونز میں تقسیم کرکے ادویات کی ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔ اوتھل میں قائم ویئر ہاس سے مختلف علاقوں کو ادویات کی فراہمی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ شمسی توانائی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے اور دنیا بھر میں کلین انرجی کی جانب منتقلی جاری ہے۔ محدود وسائل کے باوجود صحت کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ صاف توانائی کے استعمال سے ماحول کو بھی فائدہ پہنچے گا۔سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن پانیزئی نے کہا کہ یونیسیف نے محکمہ صحت کو مختلف مواقع پر بھرپور تعاون فراہم کیا ہے، جس پر صوبائی حکومت اور محکمہ صحت اس کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوتھل میں قائم سولرائزڈ میڈیکل سپلائی ویئر ہاس جغرافیائی لحاظ سے انتہائی اہم مقام پر واقع ہے، جہاں سے بلوچستان کے مختلف اضلاع کو توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات (ای پی آئی)اور پولیو مہم کے لیے ادویات اور ویکسین فراہم کی جائیں گی۔یونیسیف کے مطابق ماضی میں طبی سامان کراچی اور اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچنے کے بعد دیگر اضلاع کو فراہم کیا جاتا تھا، جس سے ترسیل میں اضافی وقت اور اخراجات آتے تھے۔ نئے سپلائی مرکز کے ذریعے کراچی سے طبی سامان براہ راست لسبیلہ پہنچایا جا سکے گا، جبکہ یہ مرکز گردونواح کے تقریبا 40 فیصد علاقے کی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ویئر ہاس جدید شمسی توانائی کے نظام، معلومات کے انتظام، سکیورٹی اور درجہ حرارت کے مطابق طبی سامان محفوظ رکھنے کی سہولیات سے لیس ہے۔ حالیہ پولیو مہم کے دوران بھی یہاں پولیو ویکسین ذخیرہ کی گئی تھی۔دوسری جانب ڈی ایچ کیو ہسپتال لسبیلہ کو بھی مکمل طور پر شمسی توانائی پر منتقل کیا گیا ہے، جس سے ہسپتال میں چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی برقرار رکھنے اور بجلی کے اخراجات کم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.