کریمیا(بی بی سی)روس کے زیرِ تسلط کریمیا میں ایک فوجی اہلکار کی بظاہر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
ماسکو کی جانب سے تعینات علاقائی گورنر میخائل رازوژایف کا کہنا ہے کہ مسلح شخص نے اپنے ساتھی فوجی اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک فوجی ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔
اس کے بعد اس فوجی اہلکار نے خمیلنیتسکے نامی گاؤں میں تین شہریوں کو قتل کر دیا، جن میں 71 اور 59 سالہ دو مرد اور 64 سالہ ایک خاتون شامل ہیں۔ فائرنگ کے اس واقعے میں مزید تین افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
رازوژایف کے مطابق حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور فائرنگ کے محرکات کی تحقیقات جاری ہیں۔
حملہ آور کی شناخت عوامی طور پر ظاہر نہیں کی گئی ہے اور مقامی حکام نے یہ بھی نہیں بتایا کہ وہ روسی مسلح افواج کی کس شاخ میں خدمات انجام دے رہا تھا۔
یہ واضح نہیں تھا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے یا نہیں۔ رازوژایف نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ٹیم حملے میں زخمی ہونے والوں کی جان بچانے کے لیے ’ہر ممکن کوشش‘ کر رہی ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].