واشک اور مستونگ میں کامیاب کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کا ثبوت ہیں، وزیراعلی بلوچستان

واشک اور مستونگ میں کامیاب کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کا ثبوت ہیں، وزیراعلی بلوچستان
کوئٹہ(خ ن)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واشک اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو دہشت گردی کے خلاف قومی عزم اور فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا واضح ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی اور ریاست دشمن عناصر کے لیے کسی قسم کی گنجائش نہیں۔اپنے بیان میں وزیراعلی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس میں قومی اتحاد اور تمام ریاستی اداروں کے درمیان مکمل ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ترقیاتی عمل کے تسلسل کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور غیر ملکی سرپرستی میں کام کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے مل کر بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.