کوئٹہ(دی باغوان)صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ تاجر برادری معاشرے کا ایک اہم طبقہ ہے اور ان کے مسائل کا حل حکومت کی ذمہ داری ہے،پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے اور حکومت تاجروں کے جائز تحفظات دور کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میٹروپولٹین کارپوریشن کوئٹہ میں انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ تاجروں نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے بعد حکومت کے ساتھ مذاکرات کیے، جس کے نتیجے میں مسائل کے حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ سمیت دیگر متعلقہ حکام شامل ہوں گے، جو تاجروں کے مسائل کا جائزہ لے کر ان کے حل کے لیے اقدامات کریں گے۔اس موقع پر انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے صدر عبدالرحیم آغا نے کہا کہ حکومت نے 986 دکانداروں اور حلیم پلازہ سے متعلق مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے، جس کے بعد احتجاج موخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اپنے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے تاجروں کے مسائل جلد حل کرے گی۔وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ تاجروں کے مطالبات جائز ہیں اور حکومت ان کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہدائے زیارت کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک تھے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش نہیں کی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں، جن سے گریز کرنا چاہیے۔صوبے کی امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی کے پیچھے ملک دشمن عناصر کا ہاتھ ہے، جبکہ دہشت گرد امن خراب کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں کو محفوظ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور جہاں ضرورت پڑی وہاں کرفیو یا آپریشن سے بھی گریز نہیں کیا جائے گا۔میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ جرائم میں ملوث ملزمان واردات کے بعد اپنے گھروں میں نہیں بیٹھتے، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اسما جتک کے والد کے قتل میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].