واشنگٹن(بی بی سی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف ایک ’غیر معمولی اور تباہ کن معاشی کارروائی‘ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ انھوں نے ایران کو کسی معاہدے تک پہنچنے کے لیے بھرپور موقع دیا تھا، لیکن ایران ’اس موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہا ہے۔‘
انھوں نے لکھا کہ ’آج میں ایسی سب سے تباہ کن معاشی کارروائی کا اعلان کر رہا ہوں جو اب تک کسی بھی ملک کے خلاف کی گئی ہے۔ یہ ایک معاشی جنگ اور غیر معمولی پیمانے پر تنہائی کی مہم ہوگی۔‘
امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کی فوجی اور معاشی صلاحیت کو تباہ کرنے سے متعلق اپنے سابقہ بیانات دہراتے ہوئے لکھا کہ ’جو بھی ملک اپنے مالیاتی اداروں، کاروباروں، ہوائی اڈوں یا سرکاری اداروں کو ایران کو کسی بھی قسم کی مالی مدد فراہم کرنے کی اجازت دے گا، اسے خود بھی سنگین معاشی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘
اس کی وضاحت کرتے ہوئے انھوں نے تیل کی سمگلنگ، تیل بردار جہازوں کی تبدیلی، نقد رقم کی منتقلی، کرنسی ایکسچینج مراکز کا استعمال، اور فرضی کمپنیوں کے نام پر جہازوں کی رجسٹریشن جیسے معاملات کا ذکر کیا۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].