کیرالہ(جیو نیوز)بھارت میں ایک منفرد شاید کی تصاویر وائرل ہوئی ہیں کیونکہ دلہا اور دلہنیں دونوں جڑواں تھے۔
جی ہاں واقعی بھارتی ریاست کیرالہ میں جڑواں بھائیوں اکھیل تھامس اور نکہیل تھامس کی شادی ہوئی اور انہوں نے شریک حیات کے لیے جڑواں بہنوں میگی میری اور ماری میری کا انتخاب کیا۔
مزید حیرت انگیز بات یہ تھی کہ شادی کی رسومات جڑواں پادریوں نے مکمل کرائی جبکہ جڑواں بھائیوں جیرون جیمز اور جوہون جیمز نے پادریوں کی معاونت کی۔
یہ منفرد شادی برسوں کی منصوبہ بندی کا نتیجہ تھی۔
اکھیل تھامس نے بتایا کہ یہ کوئی اتفاق نہیں کہ جڑواں افراد کے 4 جوڑے شادی پر موجود تھے۔
نکہیل تھامس نے بتایا کہ 'ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ جڑواں بہنوں سے شادی کریں گے اور ہمارے خاندان نے لگ بھگ 3 برس کی کوششوں کے بعد ہمارے لیے بہترین دلہنیں تلاش کیں'۔
اکھیل اور نکہیل تھامس دونوں کی عمر 32 سال ہے اور انہیں اکثر رشتے دار کہتے تھے کہ جڑواں لڑکیوں کا انتظار مت کرو۔
خاندان نے اکھیل اور نکہیل تھامس کے لیے دلہنیں تلاش کرنے کے لیے ایک میرج سروس سے رابطہ کیا جو جڑواں افراد کے رشتوں میں مدد فراہم کرتی ہے۔
اکھیل تھامس نے بتایا کہ میگی اور ماریا میری سے شادی سے قبل وہ گزشتہ چند برسوں کے دوران 40 جڑواں بہنوں کے جوڑوں سے ملے تھے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ 31 سالہ دلہنیں میگی اور ماریا میری بھی جڑواں بھائیوں سے ہی شادی کرنا چاہتی تھیں۔
میگی میری نے بتایا کہ ہم نے بچپن میں یہ اعلان کر دیا تھا کہ جب بھی شادی کریں گے تو صرف جڑواں بھائیوں سے کریں گے۔
ماریا میری نے بتایا کہ جب ہم اکھیل اور نکہیل سے ملے تو ہم نے انہیں فوری طور پر پسند کرلیا اور انہیں اپنا شریک حیات بنانے کا فیصلہ کیا۔
اس کے بعد میگی اور ماریا نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ شادی کی رسومات جڑواں بھائیوں سے مکمل کرائی جائے۔
اکھیل کی والدہ جڑواں پادریوں انٹو اور اجو پیزھمکٹل سے کچھ ماہ قبل ملی تھیں تو انہوں نے انہیں شادی کے لیے مدعو کیا۔
یہ پادری بھی یہ جان کر پرجوش ہوگئے اور شادی کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد سے شہہ سرخیوں میں موجود ہیں۔
یہ شادی اگست کے شروع میں ہوئی تھی اور تصاویر وائرل ہو رہی ہیں۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].