کوئٹہ(دی باغوان)کوئٹہ پولیس نے خاتون ٹیچر سے پرس چھیننے میں ملوث2ملزمان کو 24گھنٹے کے اندر گرفتارکرلیا۔ترجمان ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق جمعہ کوایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ ضیا الحق مندوخیل کی خصوصی ہدایات پر ایس پی صدر شفقت امیر جنجوعہ کی نگرانی اور ڈی ایس پی صدر شوکت جدون کی سربراہی میں ایس ایچ او بروری نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے خاتون ٹیچر سے اسنیچنگ کی واردات میں ملوث 2 ملزمان کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ایک روز قبل ہزارہ ٹائون کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم ملزمان نے خاتون ٹیچر سے پرس چھین لیا تھا، جس میں نقدی، موبائل فون، اے ٹی ایم کارڈ، شناختی کارڈ اور دیگر ضروری سامان موجود تھا۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری طور پر کارروائی شروع کی اور جدید تفتیشی طریقہ کار کی مدد سے ملزمان شیر علی ولد برات علی، سکنہ مری کالونی اورمیثم ولد محمد حسین، سکنہ اقبال آبادکو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے خاتون ٹیچر کا چھینا گیا پرس، موبائل فون، اے ٹی ایم کارڈ، شناختی کارڈ اور نقدی برآمد کرلی گئی، جبکہ ملزمان کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد ہوا۔غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں ملزمان کے خلاف مقدمہ آرمز آرڈیننس کے تحت علیحدہ مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].