کوئٹہ(دی باغوان)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ کی سربراہی میں کوئٹہ پریس کلب اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کوئٹہ میں مختلف ٹی وی چینلز کے بیوروز کی بندش، صحافیوں کو درپیش پیشہ ورانہ و معاشی مسائل، جرنلسٹس ہاؤسنگ اسکیم اور صحافی برادری کی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے صحافی مشکل حالات اور مختلف چیلنجز کے باوجود اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دے رہے ہیں، ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔ آزاد، ذمہ دار اور فعال صحافت معاشرے میں مثبت تبدیلی اور عوامی مسائل کی مؤثر نشاندہی کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحافیوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے حکومت سنجیدہ ہے اور جرنلسٹس کالونی کے قیام کے حوالے سے عملی پیش رفت جاری ہے۔ حکومت صحافیوں کو رہائشی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے متعلقہ اقدامات کر رہی ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اخبارات کو سرکاری اشتہارات کے اجرا کو میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی باقاعدہ ادائیگی سے مشروط کیا جائے گا تاکہ صحافتی اداروں میں کام کرنے والے کارکنوں کے معاشی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی اور ان کے حقوق کا تحفظ اہم معاملہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعلقہ فورمز پر اقدامات کیے جائیں گے اور حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ مشکلات کے ازالے کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔ وفد نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو صحافیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے حکومتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].