بلوچستان میں دو برس کے دوران 7 لاکھ 86 ہزار سے زائد بچوں کو تعلیمی نظام کا حصہ بنایا گیا، وزیراعلی بلوچستان

بلوچستان میں دو برس کے دوران 7 لاکھ 86 ہزار سے زائد بچوں کو تعلیمی نظام کا حصہ بنایا گیا، وزیراعلی بلوچستان
کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر صوبے کے تمام اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اساتذہ معاشرے کی تعمیر، نئی نسل کی کردار سازی اور مستقبل کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ حکومت بلوچستان اساتذہ کے پیشہ ورانہ وقار کے تحفظ اور انہیں بہتر تدریسی ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔وزیراعلیٰ ہائوس سے اپنے پیغام میں وزیراعلی میرسرفرازبگٹی نے کہا کہ معیاری تعلیم کے لیے اساتذہ کو بااختیار بنانا اور ان کے پیشہ ورانہ مقام کا تحفظ ناگزیر ہے۔ عالمی یوم اساتذہ کا اس سال کا موضوع بھی اساتذہ کے ساتھ کھڑے ہونے اور اس پیشے کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں گزشتہ دو برس کے دوران 7 لاکھ 86 ہزار سے زائد بچوں کو تعلیمی نظام کا حصہ بنایا گیا ہے۔ سال 2025 میں 2 لاکھ 31 ہزار جبکہ 2026 میں اب تک 2 لاکھ 81 ہزار بچوں کا اسکولوں میں داخلہ ہوا۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان ایجوکیشن فانڈیشن کے کمیونٹی اسکولوں کے ذریعے ایک لاکھ 54 ہزار بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے گئے، جبکہ غیر فعال اسکولوں کو فعال بنانے کے نتیجے میں 95 ہزار سے زائد بچے دوبارہ تعلیمی نظام کا حصہ بنے۔وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان میں تدریسی عمل کو مضبوط بنانے کے لیے 15 ہزار سے زائد اساتذہ میرٹ پر بھرتی کیے گئے ہیں۔ بلوچستان ایجوکیشن فانڈیشن کے تحت 2 ہزار سے زائد نئے اسکول قائم کیے گئے ہیں جبکہ مزید 1,800 اسکولوں کے قیام پر کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کی شمولیت سے اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے پی ٹی ایس ایم سی منصوبہ بھی جاری ہے، جس کی مجموعی تخمینی لاگت 6 ارب روپے ہے۔ منصوبے کے تحت 2 ہزار اسکولوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 3,640 کلاس رومز تعمیر کیے جائیں گے۔میر سرفراز بگٹی کے مطابق ایک کمرے والے اسکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر کا منصوبہ بھی جاری ہے، جبکہ اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ تعلیمی معیار بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ استاد صرف علم منتقل کرنے والا نہیں بلکہ بچوں کی شخصیت، کردار اور سوچ کی تشکیل میں بھی بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ باشعور، تعلیم یافتہ اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل میں اساتذہ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت اساتذہ کے لیے بہتر تدریسی ماحول اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع کی فراہمی کے اقدامات جاری رکھے گی۔ بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے تعلیم اور اساتذہ پر سرمایہ کاری دراصل بلوچستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ حکومت بلوچستان کا مقصد ایسا تعلیمی نظام تشکیل دینا ہے جہاں ہر بچے کو تعلیم کا حق حاصل ہو اور ہر اسکول فعال ہو۔ ہر استاد کو اپنی ذمہ داریاں مثر انداز میں ادا کرنے کے لیے ضروری سہولیات اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.