شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر کا ٹیلیفونک رابطہ، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

شہباز شریف اور آذربائیجان کے صدر کا ٹیلیفونک رابطہ، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد(بی بی سی)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر الہام علییف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے ساتھ پاکستان کے گہرے، برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور اہم قومی مفادات کے معاملات پر مستقل حمایت موجود ہے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مضبوط سیاسی ہم آہنگی کو اب اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت داری میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے عوام صدر الہام علییف اور آذربائیجان کے عوام کے لیے خصوصی احترام اور نیک جذبات رکھتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیاسی خیرسگالی کو باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں تبدیل کیا جائے گا۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اسلام آباد میں قائم ہونے والے آسان خدمت مرکز کی کامیاب فعالیت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا، جو آذربائیجان کے آسان خدمت ماڈل کی طرز پر قائم کیا گیا ہے۔ انھوں نے اسے پاکستان اور آذربائیجان کے برادرانہ تعاون کی عملی مثال قرار دیا۔ وزیرِ اعظم کی درخواست پر صدر الہام علییف نے پاکستان بھر میں آسان خدمت مراکز کے نیٹ ورک کے توسیعی منصوبے کے لیے آذربائیجان کی مکمل معاونت اور مہارت فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ شہباز شریف نے اس پیشکش پر صدر علییف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے پاکستان کے ساتھ آذربائیجان کی دوستی اور یکجہتی کا مظہر قرار دیا۔ شہباز شریف کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل مشاورت اور قریبی رابطے برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیرِ اعظم نے صدر علییف کو خطے میں امن، مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ صدر علییف نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی تعمیری سفارتی کاوشوں، مذاکرات اور ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔ گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان اور آذربائیجان کے تزویراتی تعلقات کو مشترکہ ترقی، خوشحالی اور باہمی مفاد پر مبنی دیرپا شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.