اسلام آباد(جیو نیوز)آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کمپنی انتھروپک نے ستمبر میں کہا تھا کہ یہ ٹیکنالوجی انسانیت کی بقا کے لیے خطرہ یا تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے یہ انتباہ مجوزہ ابتدائی عوامی پیشکش یعنی IPO کے لیے تیار کردہ دستاویز میں کیا گیا تھا۔
اب اس کمپنی نے اے آئی ٹیکنالوجی کے حوالے سے ایک اور انتباہ کیا ہے۔
انتھروپک نے انتباہ کیا کہ اس کے کچھ اے آئی ماڈلز جلد 'اپنی نقول' تیار کرکے انٹرنیٹ سے منسلک ڈیوائسز جیسے اسمارٹ فریج یا ویکیوم کلنرز تک رسائی کے راستے تلاش کرسکتے ہیں۔
ایک بار اگر ایسا ہوگیا تو یہ ماڈلز ان ڈیوائسز کے اندر ڈیٹا سینٹرز کے بغیر خود کو پاور فراہم کرسکیں گے، جس کے نتیجے میں اے آئی ماڈلز چلانے پر کنٹرول ختم ہوسکتا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ نقول تیار کرنے والے ماڈل کو بند کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا کیونکہ اسے شٹ ڈاؤن کرنے کا مرکزی پوائنٹ نہیں ہوگا۔
انتھروپک نے اسے 'اے آئی کیڑے' قرار دیا، یعنی ایسا خودکار میل وئیر جو چند ماہ کے اندر سامنے آسکتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک بار جب اے آئی سسٹمز کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے تو وہ اسمارٹ ڈیوائز کو ہیک کرنے کی قابلیت حاصل کرسکیں گے اور نیٹ ورکس کے ذریعے پھیل کر نگرانی سے بچ سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق بدترین منظرنامے میں متعدد اے آئی کیڑے اکٹھے ہوکر کمپیوٹر ہارڈ وئیر پر حملہ کر دیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہمیں اپنے سسٹمز کے لیے اس طرح کے عمل کو مشکل بنانے کی ضرورت ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ ایسی صورتحال کے لیے تیار بھی رہنا چاہیے۔
اس سے قبل ستمبر میں کمپنی کی دستاویز میں بتایا گیا تھا کہ جدید اے آئی ٹیکنالوجی انسانیت کے لیے تباہ کن یا بقا کے لیے خطرہ ثابت ہوسکتی ہے۔
دستاویز میں کہا گیا کہ اے آئی ماڈلز خود حفاظتی رویوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں ، یعنی شٹ ڈاؤن کرنے کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں یا تفصیلات کو چھپاتے ہیں یا بلیک میل جیسے رویے کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
ستمبر میں ہی انتھروپک کے چیف ایگزیکٹو داریو اموڈے نے اے آئی کی ترقی کی رفتار فوری طور پر سست کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو صرف 6 مہینوں میں باغی اے آئی ایجنٹس انٹرنیٹ پر قبضہ کرسکتے ہیں۔
داریو اموڈے کا کہنا تھا کہ ہمیں اے آئی ماڈلز کی صلاحیتوں کو بہتر بنانےکی رفتار کم کرنی چاہیے۔
اوپن اے آئی، گوگل اور ایلون مسک کی جانب سے بھی اے آئی میں پیشرفت کو سست کرنے کی حمایت کی گئی ہے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].