واشنگٹن(جیو نیوز)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ بہت جلد ختم ہوجائے گی، تاہم آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔
امریکی ریاست ایریزونا کے شہر بُل ہیڈ سٹی میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ واشنگٹن نے آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران اپنی بحریہ، فضائیہ، ریڈار نظام اور فضائی دفاعی صلاحیتیں کھو چکا ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ ایران کی قیادت کی پہلی سطح ختم ہوچکی ہے۔ انہوں نے دوسری سطح کے رہنماؤں کا انتخاب کیا، وہ بھی ختم ہوگئے۔ پھر انہوں نے تیسری سطح کے رہنماؤں کا انتخاب کیا، جن میں سے نصف ختم ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مجھ سے وعدہ لیا کہ میں مزید کسی کو نشانہ نہیں بناؤں گا، اور میں نے ایسا ہی کیا۔ میں نے ان سے وعدہ کیا تھا۔
ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ ان حملوں کے باعث تہران کے ساتھ مذاکرات مزید پیچیدہ ہوگئے ہیں۔
ٹرمپ نے تسلیم کیا کہ تنازع کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ لڑائی ختم ہوتے ہی قیمتیں کم ہوجائیں گی۔
امریکی صدر نے کہا کہ مجھے معلوم تھا کہ پیٹرول کی قیمتیں بڑھیں گی، لیکن مجھے اندازہ نہیں تھا کہ اتنا اضافہ ہوگا۔
ٹرمپ نے مزید پیش گوئی کی کہ جنگ ختم ہونے کے بعد پیٹرول کی قیمتیں بہت جلد نیچے آجائیں گی۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].