غزہ(بی بی سی)خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق غزہ میں منگل کو اسرائیلی فضائی حملوں اور فائرنگ کے مختلف واقعات میں 17 سالہ لڑکے سمیت کم از کم چار فلسطینی ہلاک ہو گئے۔
طبی عملے کے مطابق غزہ شہر میں ایک اپارٹمنٹ پر فضائی حملے میں اکرم یاسین اور ان کی اہلیہ دینا ابو بکر ہلاک ہوئے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ انھوں نے علاقے میں ایک مسلح شخص کو نشانہ بنایا، تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں قیزان النجار محلے کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے ایک 17 سالہ لڑکا ہلاک ہوا، جبکہ غزہ شہر کے مشرقی علاقے الزیتون میں بھی فائرنگ سے ایک فلسطینی ہلاک ہوا۔
ہلاک ہونے والے ایک شخص کے بھائی محمود یاسین نے کہا کہ جنگ بندی کے باوجود جنگ جاری ہے، ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے اور گولہ باری بھی نہیں رکی۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ ہتھیار جمع کر رہی ہے اور حملے کر رہی ہے۔ حماس نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے اسرائیل پر جنگ بندی معاہدے کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔
غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں اور فائرنگ میں کم از کم 1,500 فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اسی عرصے میں غزہ میں مسلح افراد کے حملوں میں اس کے چار فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].