کوئٹہ( پ ر)نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان جاری بیان میں تربت، کراچی شاہراہ پر بسول کے مقام پر آزاد دشت کی مسافر بس کو پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں متعدد مسافروں کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس دلخراش سانحے نے کئی خاندانوں کو غم اور اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔انہوں نے کہا کہ حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات کی فراہمی بلوچستان حکومت اور متعلقہ اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔ حکومت ہنگامی بنیادوں پر علاج و معالجے کے انتظامات یقینی بنائے، زخمیوں کو ضرورت کے مطابق بڑے ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے اور ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر نہ برتی جائے۔ترجمان نے کہا کہ بلوچستان کی شاہراہوں پر پیش آنے والے ایسے المناک حادثات انسانی زندگیوں کے تحفظ اور مسافروں کو محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے متعلقہ حکام کی ذمہ داریوں پر سوالیہ نشان ہے۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ محض انتظامی معاملہ نہیں بلکہ حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔بیان میں شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل پارٹی اس دکھ اور کرب کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جوارِ رحمت میں جگہ، پسماندگان کو صبر و حوصلہ اور زخمیوں کو مکمل صحت یابی عطا فرمائے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].