جمال شاہ کاکڑ: سیاسی وابستگی، تنظیمی فعالیت اور کارکنوں سے مضبوط تعلق کا سفر

جمال شاہ کاکڑ: سیاسی وابستگی، تنظیمی فعالیت اور کارکنوں سے مضبوط تعلق کا سفر
بلوچستان کی سیاست میں کسی بھی سیاسی جماعت کی فعالیت محض انتخابی سرگرمیوں، جلسوں اور بیانات تک محدود نہیں ہوتی بلکہ اس کا اصل امتحان مشکل سیاسی حالات میں جماعت کے ساتھ کھڑے رہنے، تنظیم کو متحرک رکھنے اور کارکنوں کے ساتھ رابطہ برقرار رکھنے میں ہوتا ہے۔ سیاسی قیادت کی پہچان بھی اسی وقت ہوتی ہے جب سیاسی حالات سازگار نہ ہوں اور جماعت کو مشکلات کا سامنا ہو۔ بلوچستان جیسے وسیع جغرافیائی اور متنوع سیاسی و سماجی حالات رکھنے والے صوبے میں کسی سیاسی جماعت کو منظم رکھنا آسان کام نہیں۔ یہاں ضلعی اور ڈویژنل سطح پر رابطوں کو برقرار رکھنا، کارکنوں کو متحرک کرنا، مقامی سیاسی شخصیات کو جماعت کے قریب لانا اور تنظیمی معاملات کو آگے بڑھانا مسلسل محنت کا تقاضا کرتا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ کا سیاسی کردار اسی تناظر میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کی سیاسی سرگرمیوں کا ایک نمایاں پہلو پارٹی کی صوبائی تنظیم، کارکنوں سے رابطے اور جماعتی امور میں مسلسل دلچسپی کے علاوہ ان کی سیاسی جماعتوں ،ان کے عہدیداران کے ساتھ خوشگوار تعلقات بھی ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے لیے عمران خان کے دورِ حکومت کو ایک مشکل سیاسی مرحلے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اس عرصے میں پارٹی کے مرکزی رہنمائوں میاں نوازشریف، میاں شہبازشریف، مریم نوازشریف، احسن اقبال ،خواجہ سعد رفیق، شاہد خاقان عباسی ،رانا ثناء اللہ ،خواجہ سلمان رفیق، خواجہ آصف، کیپٹن(ر) صفدر کو مقدمات اور گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ایسے حالات میں جمال شاہ کاکڑ کی جماعتی وابستگی اور سیاسی سرگرمیوں کا تسلسل ان کے سیاسی سفر کا اہم حوالہ ہے۔ ان کے سیاسی کردار کا یہ پہلو بھی قابل ذکر ہے کہ انہوں نے مشکل حالات میں جماعت سے اپنی وابستگی برقرار رکھی اور صوبے میں پارٹی کارکنوں کے ساتھ رابطے کو اہمیت دی بلکہ ایسے وقت میں جب بلوچستان میں بڑے بڑے سردار ونواب مسلم لیگ(ن) کو خیرآباد کہہ گئے تب جمال شاہ کاکڑ نے پورے بلوچستان میں نہ صرف کامیاب ورکرز کنونشن کاانعقاد کیا بلکہ جہاں سیکورٹی رسک موجود تھا وہاں بھی کارکنوں کو متحرک کیا۔ سیاسی جماعتوں میں عہدے حاصل کرنا ایک مرحلہ ہوتا ہے، لیکن مشکل وقت میں جماعت کے ساتھ کھڑے رہنا اور کارکنوں کا حوصلہ برقرار رکھنا ایک الگ ذمہ داری ہے۔ جمال شاہ کاکڑ کی جانب سے بارہا پارٹی کے نظریاتی اور دیرینہ کارکنوں کو جماعت کا اصل سرمایہ قرار دینا اسی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ نومبر 2023 میں کوئٹہ میں مسلم لیگ (ن)کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بھی انہوں نے ان کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا تھا جو مشکل حالات میں جماعت کے ساتھ کھڑے رہے۔جمال شاہ کاکڑ نے پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کو ہمیشہ اپنے ساتھ کھڑے رکھا۔ جمال شاہ کاکڑ کی سیاسی سرگرمیوں میں تنظیم سازی کو نمایاں اہمیت حاصل رہی ہے۔ مختلف اضلاع اور ڈویژنوں کے پارٹی عہدیداروں سے ملاقاتیں، تنظیمی اجلاسوں کی صدارت، شمولیتی پروگراموں میں شرکت اور کارکنوں کے مسائل پر مشاورت ان کی سیاسی مصروفیات کا حصہ ہیں۔ ستمبر 2026 میں مسلم لیگ (ن)کی مرکزی قیادت نے انہیں بلوچستان میں جماعت کی تنظیم سازی کا ٹاسک سونپا، جس کے تحت صوبے بھر میں تنظیمی ڈھانچے کو فعال اور مضبوط بنانے کے امور پر کام کیا گیا۔ اسی طرح نومبر 2026 میں کوئٹہ پریس کلب میں صوبائی خواتین کنونشن سے ان کا خطاب بھی جماعتی سرگرمیوں کے تسلسل کی ایک مثال ہے۔ کسی بھی سیاسی جماعت کی اصل قوت اس کے کارکن ہوتے ہیں۔ یہی کارکن گلی، محلے، یونین کونسل اور تحصیل کی سطح پر جماعت کا پیغام پہنچاتے ہیں، انتخابی مہمات میں حصہ لیتے ہیں اور مشکل حالات میں تنظیمی سرگرمیوں کو جاری رکھتے ہیں۔ تاہم اکثر سیاسی جماعتوں میں کارکنوں کی شکایات یہ ہوتی ہیں کہ انہیں صرف انتخابات کے دوران یاد کیا جاتا ہے اور بعد میں ان کے مسائل پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جاتی۔ جمال شاہ کاکڑ کی سیاسی گفتگو میں کارکنوں کی اہمیت کا موضوع بار بار سامنے آتا ہے۔ وہ نظریاتی کارکنوں کو جماعت کی بنیاد قرار دیتے ہیں اور ان کے مسائل کے حل، حوصلہ افزائی اور سیاسی کردار کو تسلیم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے رہے ہیں۔ نومبر 2026 میں نصیرآباد ڈویژن کے پارٹی عہدیدار سے ملاقات کے دوران بھی انہوں نے واضح کیا کہ مشکل وقت میں جماعت کا ساتھ دینے والے کارکنوں کی خدمات فراموش نہیں کی جانی چاہئیں۔ ان کا یہ موقف اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ وہ تنظیمی سیاست میں کارکنوں کے کردار کو بنیادی اہمیت دیتے ہیں۔ جمال شاہ کاکڑ کا سیاسی سفر صرف جماعتی تنظیم تک محدود نہیں بلکہ وہ قومی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے بھی اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ قومی اسمبلی کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق وہ حلقہ این اے 263 کوئٹہ ٹو سے پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ پارلیمانی سیاست اور جماعتی تنظیم کے درمیان رابطہ برقرار رکھنا ایک اہم ذمہ داری ہے۔ ایک طرف عوامی مسائل کو متعلقہ فورمز پر اٹھانا اور دوسری طرف کارکنوں، عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے ساتھ رابطے میں رہنا سیاسی قیادت سے وقت اور توجہ کا تقاضا کرتا ہے۔ ان کی سیاسی سرگرمیوں میں بلوچستان کے ترقیاتی مسائل، روزگار، تعلیم، صحت، نوجوانوں کے لیے مواقع اور بنیادی سہولیات کے موضوعات بھی شامل رہے ہیں۔ وفاقی بجٹ 2026-27 کے حوالے سے ان کا مقف بھی بلوچستان میں ترقیاتی مواقع اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے امکانات پر مرکوز رہا۔ جمال شاہ کاکڑ کے سیاسی کردار کا جائزہ لیا جائے تو ان کی سرگرمیوں کے تین نمایاں پہلو سامنے آتے ہیں: جماعت کے ساتھ مستقل وابستگی، صوبے میں تنظیمی فعالیت اور کارکنوں کے ساتھ رابطہ۔ سیاسی تدبر کا تقاضا صرف سیاسی بیانات دینا نہیں بلکہ مختلف آرا رکھنے والے لوگوں کو ساتھ لے کر چلنا، جماعت کے اندر مشاورت کو فروغ دینا اور تنظیمی اختلافات کو سیاسی فہم و فراست سے حل کرنا بھی ہے۔ بلوچستان کی سیاست میں یہ ذمہ داریاں مزید اہمیت اختیار کر جاتی ہیں، جہاں مختلف علاقوں کے سیاسی، سماجی اور قبائلی تناظر کو سمجھنا ضروری ہوتا ہے۔ ان کے سامنے بھی ایک بڑا چیلنج یہی ہے کہ جماعتی فعالیت کو محض اجلاسوں اور تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے اسے مستقل عوامی رابطے، مضبوط ضلعی تنظیموں، خواتین اور نوجوانوں کی شمولیت اور کارکنوں کے حقیقی مسائل کے حل سے جوڑا جائے۔ سیاسی قیادت کا اصل امتحان عہدے کی مدت نہیں بلکہ اس دوران کارکنوں اور عوام کے ساتھ قائم رہنے والا تعلق ہوتا ہے۔ جمال شاہ کاکڑ کی سیاسی سرگرمیوں کا تسلسل، مشکل دور میں جماعت سے وابستگی اور کارکنوں کے کردار پر مسلسل زور ان کے سیاسی سفر کے اہم پہلو ہیں۔ آنے والے وقت میں ان کی تنظیمی ذمہ داریوں کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جائے گا کہ وہ بلوچستان میں جماعتی ڈھانچے کو کس حد تک مضبوط، فعال اور عوامی سطح پر موثر بنا پاتے ہیں۔ ہونا تو یہ چاہیے کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں اپنے کارکنوں کی بہتر نمائندگی کیلئے جمال شاہ کاکڑ کو کوئی عہدہ دیتے لیکن بدقسمتی سے مرکزی قیادت ایسا کرنے میں ناکام ہے ۔اس کے باوجود جمال شاہ کاکڑ ایک ماہ کے دوران ہزاروں لوگوں کو مسلم لیگ(ن) کا حصہ بنا چکے ہیں کامیاب شمولیتوں سے واضح ہے کہ انہیں عہدے کی ضرورت ہی نہیں ہے ۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.