بلوچستان میں صحافت آج جس سنگین بحران سے دوچار ہے وہ محض ایک پیشے یا چند صحافیوں کا مسئلہ نہیں بلکہ عوام کے بنیادی حقوق اور آزادیِ اظہار کا معاملہ ہے۔ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے 23 اور 24 نومبر کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام منعقد ہونے والا دو روزہ احتجاجی کیمپ اسی بحران کی ایک واضح تصویر تھا جہاں صحافیوں نے شدید سردی اور منفی درجہ حرارت کے باوجود مسلسل 27 گھنٹے دھرنا دے کر اپنے معاشی اور پیشہ ورانہ حقوق کے لیے آواز بلند کی۔ یہ منظر اس تلخ حقیقت کا عکاس تھا کہ جو لوگ عوام کے مسائل اور محرومیوں کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے اپنی زندگیاں خطرے میں ڈالتے ہیں آج وہ خود اپنے بچوں کا نان نفقہ پورا کرنے اور اپنے روزگار کو بچانے کے لیے سڑکوں پر بیٹھنے پر مجبور ہیں۔ بلوچستان میں گیارہ سے بارہ ٹی وی چینلز کے بیورو دفاتر کی بندش کے نتیجے میں تقریباً 122 صحافیوں اور 18 دیگر میڈیا ورکرز کا روزگار متاثر ہوا ہے۔ کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور ملازمتوں سے برطرفیوں نے درجنوں خاندانوں کو معاشی مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ ان متاثرہ کارکنوں میں رپورٹرز اور کیمرہ مینوں کے ساتھ فوٹوگرافرز اور میڈیا کے وہ محنت کش بھی شامل ہیں جن کی خدمات کے بغیر کسی ادارے کا نشریاتی نظام مکمل نہیں ہو سکتا۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ میڈیا اداروں کے کاروباری مفادات اور مالی وسائل میں اضافہ ہوتا رہا مگر انہی اداروں کے لیے اپنی زندگیاں کھپانے والے کارکن اپنے گھروں کے چولہے جلانے سے بھی محروم ہوتے جا رہے ہیں۔ صحافیوں کے چارٹر آف ڈیمانڈ میں بند بیورو دفاتر کی بحالی اور برطرف کارکنوں کی ملازمتوں پر واپسی کے ساتھ واجب الادا تنخواہوں کی فوری ادائیگی اور کم از کم اجرت کے قانون پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے روزگار کے تحفظ اور پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران جان و مال کی حفاظت اور انشورنس کی سہولت فراہم کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔ سرکاری اشتہارات کو میڈیا اداروں میں کارکنوں کی مستقل ملازمت اور تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط کرنے کا مطالبہ بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے تاکہ سرکاری وسائل سے فائدہ اٹھانے والے ادارے اپنے کارکنوں کے حقوق سے پہلو تہی نہ کر سکیں۔ بلوچستان کے اخبارات کی صورت حال بھی اطمینان بخش نہیں۔ کوئٹہ سے بھیجی جانے والی خبروں کی کراچی میں ایڈیٹنگ اور جانچ پڑتال کے دوران مبینہ طور پر اہم مواد حذف کر دیا جاتا ہے جس سے بعض اوقات خبر کا اصل مفہوم اور بلوچستان کے عوام کا حقیقی مؤقف ہی باقی نہیں رہتا۔ یوں مقامی مسائل قومی میڈیا میں مناسب جگہ حاصل نہیں کر پاتے اور بلوچستان کی آواز مزید محدود ہو جاتی ہے۔ دوسری طرف صحافیوں کو صرف معاشی مشکلات ہی کا سامنا نہیں بلکہ انہیں مختلف نوعیت کے خطرات بھی درپیش ہیں۔ بلوچستان میں اب تک 40 صحافی پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں۔ صحافی ایک طرف شدت پسند اور علیحدگی پسند عناصر کی دھمکیوں کا سامنا کرتے ہیں تو دوسری طرف سرکاری دباؤ اور پابندیوں نے بھی ان کے لیے آزادانہ صحافت کو مشکل بنا دیا ہے۔ غیر ضروری مقدمات اور گرفتاریوں کے خدشات کے ساتھ پیکا ایکٹ جیسے متنازع قوانین نے آزادیِ اظہار کے حوالے سے تشویش میں مزید اضافہ کیا ہے۔ صحافی اگر زمینی حقائق بیان کریں تو ان کی جان اور روزگار دونوں خطرے میں پڑ جاتے ہیں اور اگر خاموش رہیں تو اپنے پیشے اور عوامی ذمہ داری سے انصاف نہیں کر پاتے۔ اس صورت حال کا ایک خطرناک نتیجہ یہ بھی نکل رہا ہے کہ جب اخبارات کے صفحات سکڑ جائیں اور ٹیلی ویژن چینلز پر خبریں مختلف مراحل کی سنسرشپ سے گزر کر نشر ہوں تو عوام مستند معلومات کے لیے سوشل میڈیا کا رخ کرتے ہیں جہاں غیر مصدقہ اطلاعات اور غیر ذمہ دارانہ تبصرے بسا اوقات معاشرتی انتشار کا سبب بنتے ہیں۔ ذمہ دار صحافت کا تقاضا تحقیق اور تصدیق ہے جبکہ آزادیِ صحافت کا مقصد کسی کو مادر پدر آزادی دینا نہیں بلکہ آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے سچ بیان کرنے اور عوام کو معلومات فراہم کرنے کا حق محفوظ بنانا ہے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر محمد افضل بٹ نے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے بجا طور پر واضح کیا کہ یہ تحریک صرف صحافیوں کی نہیں بلکہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے بنیادی حقوق اور معلومات تک رسائی کی تحریک ہے۔ انہوں نے کراچی اور کوئٹہ کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں احتجاج جاری رکھنے اور تحریک کا آخری پڑاؤ اسلام آباد میں رکھنے کا اعلان کیا۔ بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر منظور احمد رند اور کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید سمیت دیگر صحافتی رہنماؤں نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ صحافیوں کے جائز مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رہے گی۔ احتجاجی کیمپ میں سیاسی جماعتوں اور وکلاء سمیت مزدور تنظیموں اور سول سوسائٹی کی شرکت اس بات کا ثبوت تھی کہ آزادیِ صحافت کسی ایک طبقے کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے معاشرے کی ضرورت ہے۔ تاہم سیاسی جماعتوں کو بھی اپنے کردار کا جائزہ لینا ہوگا کیونکہ بعض سیاسی قوتیں اپنے اقتدار اور پارلیمانی مفادات کے تحفظ کے لیے اہم معاملات پر خاموش رہتی ہیں اور متنازع قانون سازی میں بھی شریک ہوتی ہیں مگر جب ان کے اپنے سیاسی مؤقف کو عوام تک پہنچانے کی ضرورت پیش آتی ہے تو انہیں آزاد صحافت کی اہمیت یاد آ جاتی ہے۔ صحافت صرف سیاسی بیانات کی تشہیر کا ذریعہ نہیں بلکہ اسے حکومتی پالیسیوں اور سیاسی مصلحتوں پر سوال اٹھانے کا حق بھی حاصل ہونا چاہیے۔ میڈیا مالکان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اداروں کی مالی ترقی کو کارکنوں کے استحصال کی بنیاد نہ بنائیں۔ حکومت کو بھی صحافیوں کو مخالف سمجھنے کے بجائے معاشرے کی آنکھ اور کان تسلیم کرنا ہوگا۔ کوئٹہ کی یخ بستہ ہواؤں میں 27 گھنٹے تک احتجاج کرنے والے صحافیوں نے اپنے عزم سے یہ پیغام دیا ہے کہ ان کے جسم سردی سے ٹھٹھر سکتے ہیں مگر اپنے حقوق اور پیشہ ورانہ وقار کے لیے ان کی آواز خاموش نہیں ہوگی۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت بند بیورو دفاتر کی بحالی اور برطرف کارکنوں کی ملازمتوں کی واپسی سمیت تمام جائز مطالبات پر عملی اقدامات کرے۔ صحافیوں کو باعزت روزگار اور بروقت تنخواہوں کی فراہمی کے ساتھ آزادیِ اظہار اور تحفظ کی ضمانت دی جائے۔ کیونکہ صحافی کی معاشی بدحالی صرف اس کے گھر کا مسئلہ نہیں بلکہ آزاد صحافت کے وجود کا مسئلہ ہے۔ جب قلم خوف زدہ ہو جائے اور کیمرہ پابند ہو جائے تو صرف ایک پیشہ متاثر نہیں ہوتا بلکہ عوام کا حقِ معلومات اور معاشرے کا جمہوری شعور بھی کمزور پڑ جاتا ہے۔ بلوچستان کے صحافی آج اپنے لیے نہیں بلکہ اس محروم معاشرے کی آواز بن کر احتجاج کر رہے ہیں جس کے مسائل اور محرومیاں ان کے قلم اور کیمرے کے ذریعے دنیا تک پہنچتی ہیں۔ ان کی آواز دبانا درحقیقت بلوچستان کی آواز دبانے کے مترادف ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ صحافیوں کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں اور سسکتی ہوئی صحافت کو معاشی استحصال اور خوف و پابندیوں سے نجات دلائی جائے۔
Comments 0
Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].