سرگودھا کانفرنس کااعلان بدستور برقرار: مولانا فضل الرحمٰن کا ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان

سرگودھا کانفرنس کااعلان بدستور برقرار:  مولانا فضل الرحمٰن کا ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان
لاہور(دی باغوان)قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن نے ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرگودھا میں کانفرنس کا اعلان بدستور برقرار ہے اور وہ ہر صورت سرگودھا کے لیے روانہ ہوں گے۔ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ وہ بہرحال پُرعزم ہیں، تاہم لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے مرکزی دروازوں پر کنٹینر کھڑے کر دیے گئے ہیں اور ان کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے۔ سرگودھا جانے والے تمام راستے مسدود، موٹروے بند اور شہر میں کرفیو کا سماں ہے، جبکہ جلسہ گاہ پر فورس نے قبضہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سرگودھا اور خوشاب سمیت مختلف اضلاع میں جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں کی گرفتاریاں جاری ہیں، راولپنڈی سے ڈیرہ غازی خان تک کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے مرکزی ناظم عمومی مولانا عبدالغفور حیدری نظر بند ہیں، جبکہ پنجاب کے صوبائی امیر کو بھی خوشاب میں نظر بند کر دیا گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمٰن کے مطابق سرگودھا کے امیر کے وکیل بیٹے کو گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جمعیت کو اس کے جمہوری حق سے کیوں محروم کیا جا رہا ہے اور ایک جلسہ کرنے کی اجازت کیوں نہیں دی جا رہی؟ ان کا کہنا تھا کہ کارکنوں کی گرفتاری اور تشدد کسی قیمت پر قابل قبول نہیں۔ جلسے پر پابندی، کارکنوں کی گرفتاریوں اور قیادت کی نظر بندی کے خلاف ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے ملک بھر کے عوام اور کارکنوں سے پُرامن احتجاج کے لیے گھروں سے نکلنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کوہستان و چترال سے بدین، تربت، مکران اور چمن تک احتجاج ہوگا اور ناجائز و آمرانہ حربوں کے خلاف جمہوری احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔ ان شاء اللہ کامیابی ہماری ہوگی۔

Comments 0

Sort by:

Join the discussion respectfully. Read our Community Guidelines. To report abuse or a policy issue, email [email protected].

Login to post a comment.